دفاع پاکستان کونسل نے انتخابات 2018میں بھرپور حصہ لینے کا اصولی فیصلہ کر لیا

چیئرمین مولانا سمیع الحق کو اجلاس میں دیگر دینی و سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے رابطہ کر کے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کا اختیار دے دیا گیا

بدھ 11 اکتوبر 2017 23:23

دفاع پاکستان کونسل نے انتخابات 2018میں بھرپور حصہ لینے کا اصولی فیصلہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2017ء) دفاع پاکستان کونسل نے انتخابات 2018میں بھرپور حصہ لینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ،چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق کو اجلاس میں دیگر دینی و سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے رابطہ کر کے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کا اختیار دے دیا گیا ، الیکشن بل میں ختم نبوت کے حلف نامہ میں تبدیلی منظم سازش قرار ،ملوث افراد کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ کر دیا۔

امریکی و بھارتی دبائو پر حافظ محمد سعید کی نظر بندی فی الفور ختم کرنے اور سید صلاح الدین پر امریکی پابندیوں کو مسترد کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ، الیکشن کمیشن کی جانب سے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کرنے کی شدید مذمت اور اختیارات سے تجاوز قرار دیا گیا ، فاٹا اصلاحات کو فوی الفور نافذ کیا جائے تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مولانا سمیع الحق کی قیادت میں ہونے والے سربراہی اجلاس منعقد کیا گیا ، جامع مسجد قباء آئی ایٹ مرکز میں ہونے والے اجلاس میں حافظ عبدالرحمن مکی ، لیاقت بلوچ ، محمد علی درانی ، حافظ عبدالغفار روپڑی ، اجمل خان وزیر، سیف اللہ خالد ، محمد یعقوب شیخ ، عبداللہ گل ،یحیی مجاہد ، قاری صہیب ترین، میر واعظ ترین ، سید احمد شاہ و دیگر نے شرکت کی اجلاس کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی پاکستان کودھمکیاں اور ڈومورکا مطالبہ قابل مذمت ہے‘افغانستان کے مسائل کی وجہ امریکی پالیسیاں ہیں‘وطن عزیزپاکستان کو دی گئی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے۔

(جاری ہے)

امریکہ کی طرف سے پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی کا پروپیگنڈا افغانستان میں اپنی شکست کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے۔حکومت نام نہاد دہشت گردی کیخلاف جنگ کے امریکی اتحاد سے باہر نکلے اور اپنی آزاد مضبوط خارجہ پالیسی ترتیب دے۔ افغانستان میں قونصل خانوں کے نام پر بھارتی دہشت گردی کے اڈے بند کروانے کیلئے بھی دبائو بڑھایاجائے۔

دفاع پاکستان کونسل ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ، لبرل ازم و سیکولرازم پروان چڑھانے کی سازشیں ناکام بنانے اور قانون ناموس رسالت ﷺ و ختم نبوت کے تحفظ کیلئے ملک گیر سطح پر بھرپور سیاسی کردارادا کرے گی۔اندرونی و بیرونی سازشوں، سیاسی و انتخابی اور معاشی دہشتگردی کے مقابلے کے لیے مولانا سمیع الحق کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر سربراہی اجلاس بلاکر فیصلہ کن اعلان کریں۔

2018ء کے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے جلد وسیع تر اتحاد قائم کیا جائے گا۔ بھارت و امریکہ سی پیک کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندیاں کر رہے ہیں۔دشمن کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے پاکستان چین، سعودی عرب اور دیگر ملکوں کے ساتھ مل کربھرپور کردارا دا کرے۔ غیر ملکی این جی اوز پاکستان میں ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت سے متعلق قوانین ختم کروانے کیلئے کروڑوں ڈالر خرچ کر رہی ہیں‘ اسلام و ملک دشمن این جی اوز پر پابندی لگائی جائے اورانہیں ملک سے باہر نکالا جائے۔

الیکشن بل2017ء میں ختم نبوت کے حلف نامہ میں تبدیلی کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائیں‘وزیر قانون زاہد حامد کو برطرف کیا جائے اور ملوث عناصر کی نشاندہی کر کے انہیں قوم کے سامنے بے نقاب کرتے ہوئے شرعی قانون کے تحت سزائیں دی جائیں۔ختم نبوت پر ایمان ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہے۔قادیانیوں کی مسلمانوں کی صفوں میں گھسنے کی سازشیں قوم کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

امریکی و بھارتی دبائو پرجماعة الدعوةکے سربراہ حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی بلاجواز نظربندی فی الفور ختم کی جائے اور سپریم کمانڈر حزب المجاہدین سید صلاح الدین پر امریکی پابندیوں کو مسترد کیا جائے ‘ دفاع پاکستان کونسل ایسے اقدامات کی شدید مذمت کرتی ہے۔کشمیرمیں بھارتی فوج اور ایجنسیاں دنیا کی توجہ ہندوستانی مظالم سے ہٹانے کیلئے خواتین کو بے ہوش کر کے سر کے بال کاٹنے جیسی مذموم وارداتیں کر رہی ہیں۔

حکومت پاکستان بھارتی دہشت گردی کا معاملہ بین الاقوامی سطح پر اٹھائے اور خارجہ ڈیسک کو مضبوط بنایا جائے۔دفاع پاکستان کونسل کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت اور شہداء کی قربانیوں پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ افغانستان میں بھارتی فوج اور ایجنسیوں کو اڈے فراہم کر کے ملک میں دہشت گردی اور فتنہ و فساد پھیلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

امریکہ کی بھارت کو خطہ کا تھانیدار بنانے کی کوششوں کی ہر سطح پرمزاحمت کی جائے گی۔ نام نہاد دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 80ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے باوجود پاکستان کیخلاف الزامات حکومت کی سفارتی ناکامی ہے۔وزارت خارجہ کے ڈیسک اورسفارتی محاذ کومزید مضبوط بنایا جائے۔بھارت، امریکہ اور اسرائیل کی خفیہ ایجنسیاں افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان کیخلاف پراکسی وار میں مصروف ہیں۔

کلبھوشن جیسے دہشت گردوں کو فی الفور پھانسی دی جائے اور وطن عزیز پاکستان سے بیرونی ایجنسیوں کی مداخلت ختم کی جائے۔پاک چائنہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ خطے میں ترقی کا ذریعہ بنے گا، اس پر امریکی و بھارتی اعتراضات کو مسترد کرتے ہیں۔ دفاع پاکستان کونسل ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن مسترد کرنے پر شدید مذمت کرتی ہے، الیکشن کمیشن نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔ یہ عمل جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے۔ دفاع پاکستان کونسل مطالبہ کرتی ہے کہ فاٹا اصلاحات کو فی الفور نافذ کیا جائے۔