سانحہ ماڈل ٹائون اوپن سیکرٹ ،قاتل حکمران تاخیری ہتھکنڈے اختیار کررہے ہیں،حکمرانوں کے ایماء پر ان کے وکلاء قانونی دلائل کی آڑ میں عدالتی فیصلوں کی تضحیک کررہے ہیں،ماڈل ٹائون کے مظلوموں کی عدالت عالیہ سے استدعا ہے فیصلہ جلد سنایا جائے،

قانون شہادت کے آرٹیکل 85 اور پنجاب انفارمیشن ایکٹ کے تحت عدالتی رپورٹ عوامی دستاویز ہے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر لقادری کی وکلاء سے گفتگو

بدھ 11 اکتوبر 2017 23:17

سانحہ ماڈل ٹائون اوپن سیکرٹ ،قاتل حکمران تاخیری ہتھکنڈے اختیار کررہے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون اوپن سیکرٹ ہے ،قاتل حکمران تاخیری ہتھکنڈے اختیار کررہے ہیں۔عدالت عالیہ سے ماڈل ٹائون کے مظلوموں کی استدعا ہے کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کا فیصلہ جلد سنایا جائے، قاتل حکمرانوں کے ایماء پر ان کے وکلاء قانونی دلائل کی آڑ میں عدالت کے فیصلوں کی تضحیک کررہے ہیں۔

اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے وکلاء رہنمائوں کے وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ قانون شہادت آرڈر 1984 ء کے آرٹیکل 85 کے مطابق ٹربیونلز، عدالتی اور ایگزیکٹو کی کارروائی پبلک ڈاکومنٹ ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ پنجاب ٹرانسپیرنسی اینڈ رائٹ ٹوانفارمیشن ایکٹ 2013 ء کے سیکشن 13 کے مطابق ایسی معلومات روکی جا سکتی ہیں جن کے اجراء سے قومی دفاع اور سکیورٹی کو خطرات لاحق ہوں، نقص امن کا خطرہ ہو یا بین الاقوامی تعلقات کے متاثر ہونے کا احتمال ہو مگر جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ میں ایسا کچھ نہیں ہے،اس کے باوجود پنجاب حکومت تین سال سے جوڈیشل انکوائری کی رپورٹ پبلک کرنے سے انکاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے پبلک ہونے سے صرف حکومت میں بیٹھے ہوئے طاقتور قاتلوں کو خطرہ ہے جنہوں نے دن دہاڑے 100 لوگوں کو گولیاں ماریں 14 کو شہید کیا اور یہ سارا ظلم کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے پبلک ہونے سے مظلوموں، مقتولوں کے ورثاء کو انصاف ملنے کی راہ ہموار ہو گی۔

جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ ایک پبلک ڈاکومنٹ ہے اور اسے حاصل کرنا شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کا آئین کے آرٹیکل 19-A کے تحت تسلیم شدہ بنیادی حق ہے جسے قاتل حکومت نے غصب کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء انصاف کے بنیادی حق کیلئے عدالت کی طرف دیکھ رہے ہیں ،انہیں بلاتاخیر انصاف دیا جائے ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکومتی وکلاء نے عدالت کو کمٹمنٹ دی تھی کہ اپیل کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہو گی اور وہ اس کا حصہ بنیں گے مگر تاخیری ہتھکنڈے اختیار کیے جارہے ہیں۔ عدالت قاتلوں کو مزید کوئی رعایت نہ دے۔

متعلقہ عنوان :