پنجاب حکومت،جنرل الیکٹرک ہیلتھ کیئر اور فیروز سنز لیبارٹریز کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

معاہدے کی رو سے ڈی ایچ کیوشیخوپورہ میں زچہ بچہ سنٹرمیں لیڈی ہیلتھ ورکرز کو الٹرا ساؤنڈکی تربیت فراہم کی جائے گی پنجاب حکومت ،جنرل الیکٹرک ہیلتھ کیئر اور فیروز سنز لیبارٹریزکے مابین کل طے ہونے والا معاہدہ خوش آئند ہی:شہباز شریف نیازی صاحب نے چار سال تک دھرنے دیئے ، ہڑتالیں کیں ، جلوس نکالے ، شہروں کو بند کیا لیکن پشاور میں میٹروبس منصوبے کی ایک اینٹ نہ لگائی محنت کش، کسان، بیوہ ، یتیم ، طالب علم اور عام شہریوں کے منصوبوں میں رکاوٹ ڈالنے 2018 ء کے انتخابات میں کس منہ سے عوام کا سامنا کریں گے خودسر سے لیکر پاؤںتک کرپشن میں ڈوبے ہوئے ایک پارٹی کے سابق صدر بھاشن دے رہے ہیں کہ نواز شریف ملک کو لوٹ کر کھا گئے ہیں یہ وقت نفاق کا نہیںاتحاد کا ہے ، قومی اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے شائد اس سے پہلے کبھی نہ تھی،ہمیں ملکر ملک کی ترقی کیلئے آگے بڑھنا ہے ،وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 11 اکتوبر 2017 22:56

پنجاب حکومت،جنرل الیکٹرک ہیلتھ کیئر اور فیروز سنز لیبارٹریز کے مابین ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2017ء) پنجاب حکومت، جنرل الیکٹرک ہیلتھ کیئر اور فیروز سنز لیبارٹریز کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے - معاہدے کی رو سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں تربیتی مرکزقائم کیا جائے گا جہاں لیڈی ہیلتھ ورکرز کو الٹرا ساؤنڈ کرنے کے حوالے سے تربیت فراہم کی جائے گی- ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف تھی- پنجاب حکومت کی طرف سے سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر علی جان خان اور جنرل الیکٹر ک ہیلتھ کیئر کی جانب سے گلوبل جی ایم راب والٹن( Mr. Rob Walton) نے معاہدے پر دستخط کئی- وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ، جنرل الیکٹرک ہیلتھ کیئر اور فیروز سنز لیبارٹریزکے مابین آج طے ہونے والا معاہدہ خوش آئند ہے جس کے تحت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں تربیتی سنٹربنایا جائے گا جہاں لیڈی ہیلتھ ورکرز کو الٹرا ساؤنڈ کے حوالے سے تربیت فراہم کی جائے گی اور تربیت کا یہ عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا- ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ یہ سستا میکانزم متعارف کرایا جا رہا ہے - پورٹ ایبل الٹراساؤنڈ مشینیں درآمد کی جا رہی ہیں - 60 مشینیں پہنچ چکی ہیں جبکہ مزید 700 مشینیں منگوائی جا رہی ہیں - ان مشینوں کو ماہرین نہیں چلائیں گے بلکہ تربیت مکمل کرنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز انہیں چلائیں گی اور صوبے کے دور دراز علاقوں میں خواتین مریضوں کو تشخیص کی یہ سہولت ملے گی- انہوںنے کہا کہ دنیا کی مختلف کمپنیوں سے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ پورٹ ایبل الٹراساؤنڈ مشینیں بڈنگ کے شفاف عمل کے ذریعے منگوائی جا رہی ہیں اور 700 مشینوں کی ترسیل فروری 2018 ء میں شروع ہو جائے گی اس دوران لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تربیت کا عمل مکمل کر لیا جائے گا - انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ ایک مستحسن اقدام ہے جس سے دیہی و بنیادی مراکز صحت نہ صرف آباد ہوں گے بلکہ شاداب ہوں گے اور یقینا خواتین کو حکومت کے اس اقدام سے بہت فائدہ ہو گا- ان پورٹ ایبل الٹراساؤنڈ مشینوں کو براہ راست دیہی و بنیادی مراکز صحت سے مربوط کیا جا رہا ہے اور ان مشینوں کو ریڈیالوجسٹ یا ٹیکنیکل افراد نہیں بلکہ تربیت یافتہ لیڈ ی ہیلتھ ورکرز چلائیں گی- انہوںنے کہا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر کو بہتر بنانا ہمارا مقصد ہے اور یہ بڑا چیلنج بھی ہے جس سے کامیابی سے عہدہ برآ ہوں گے - انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں لاہور سے موٹربائیکس ایمبولینس سروس کا آغاز کر دیا ہے اور عملی طور پر آج لاہور شہر میں مختلف مقامات پر اس سروس کے ذریعے پچاس سے زائد کیسز میں فرسٹ ایڈ دی گئی ہے - دعا ہے کہ حادثات نہ ہوں تا ہم حادثہ زندگی کا حصہ ہیں - پنجاب حکومت نے ان حادثات سے متاثرہ افراد کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے شاندار سروس کا اجرا کیا ہے اور آئندہ ڈیڑھ دو ماتک اس منصوبے کا آغاز صوبے کی 9 ڈویژنوںمیں ہو جائے گا اور اس منصوبے کا دائرہ 36 اضلاع تک بڑھایا جائے گا- انہوںنے کہا کہ میں پنجاب حکومت ، جنرل الیکٹرک ہیلتھ کیئر اور فیروز سنز لیبارٹریزکے مابین معاہدہ طے پاجانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں - کاروباری حضرات منافع کماتے ہیں یہ دنیا کا مروجہ اصول ہے کہ بڑے نیک نام کاروباری ادارے خلق خدا کے لئے رفاعی کام بھی کرتے ہیں جس سے عام آدمی کو فائدہ پہنچتا ہے - منافع کمانا بھی ان کا حق ہے تا ہم دکھی انسانیت کی خدمت بھی ان کی ذمہ داری ہے اور اسی طرح کا اقدام آج یہ طے پانے والا معاہدہ ہے۔

(جاری ہے)

میں میڈیا کا بھی شکر گزار ہوں جو ایسے مستحسن اقدامات کی تشہیر کرتے ہیں تا کہ عوام کو ان کے بارے میں آگاہی حاصل ہو اور وہ ان اقدامات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں - وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کا جوابات دیتے ہوئے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی بھرتی کا پروگرام مشرف کے دور آمریت اور پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہوا - اس میں صوبوں کو آن بورڈ نہیں لیا گیا - یقینا پچاس ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کی بھرتی میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں- ان لیڈ ی ہیلتھ ورکرز کی تربیت اور میرٹ کے معاملات تھی- اگر چہ لیڈ ی ہیلتھ ورکرز کی بھرتی میرٹ اور اہلیت سے ہٹ کر ہوئی تاہم یہ قوم کی بیٹیاں ہیں ہم انہیں نوکری سے فارغ نہیں کر سکتے تھی- انہیں نوکری سے نکال کر ان کے مستقبل کو تاریک نہیں بنانا چاہتے تھے اس لئے ہم نے اب انہیں تربیت فراہم کرنے کا پروگرام بنایا ہے تا کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں - ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ موٹربائیکس کا اجراء پاکستان میں جنوبی ایشیا کا پہلا منصوبہ ہے اور حکومت صحت عامہ کی سہولتوں کے لئے کئی ایک منصوبوں پر کام کر رہی ہے - عوام کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کے کئی منصوبے مکمل ہونے کو ہیں - سپیڈو بس کا دائرہ جنوبی پنجاب تک بڑھایا جا رہا ہے - دوسری طرف کے پی کے میں اپنی حکومت کی بدترین ناکامی کو چھپانے کے لئے عمران خان اورنج لائن میٹروٹرین جیسے اہم منصوبے کی مخالفت کر رہے ہیں - 2012ء میں پہلے عمران خان نے میٹروبس کی مخالفت کی پھر اس منصوبے کی عوامی افادیت کے پیش نظر اسے اپنانے کا اعلان کیا - کیونکہ پشاور کے لوگ پکار پکار کر میٹروبس منصوبے کا تقاضا کر رہے تھے - نیازی صاحب نے چار سال تک دھرنے دیئے ، ہڑتالیں کیں ، جلوس نکالے ، شہروں کو بند کیا لیکن پشاور کے عوام کے مطالبے پر کان نہ دھرے اور میٹروبس منصوبے کی ایک اینٹ نہ لگائی- ہم نے لاہور کے عوام کو اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے ذریعے باکفایت اور تیز رفتار سفری سہولتیں دینے کے منصوبے کا آغاز کیا تو نیازی صاحب نے اس پچ کو اکھاڑنے کا اقدام کیا اور ان کی جماعت کے افراد اس عوامی منصوبے کے خلاف عدالتوں میں حکم امتناعی لے آئی- گزشتہ پونے دوسالوں سے منصوبے کے گیارہ مقامات پر کام رکا ہوا ہے اور انہوںنے اس منصوبے میں رکاوٹیں کھڑی کر کے محنت کش، کسان، مزدور ، بیوہ ، یتیم ، طالب علم اور عام شہریوں کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے - اب وہ 2018 ء کے انتخابات میں کس منہ سے عوام کا سامنا کریں گے - اگر پونے دو سال ضائع نہ ہوتے تو اورنج لائن میٹروٹرین کا یہ عظیم الشان منصوبہ مکمل ہوچکا ہوتا اور روزانہ لاکھوں افراد اس سے مستفید ہو رہے ہوتی- نیازی صاحب نے منصوبے میں رکاوٹیں کھڑی کر کے ملک و قوم کا نقصان کیا - ملک کیلئے بدنامی کا باعث بنے اور پی ٹی آئی نے اپنی پشاور میں ہونے والی ناکامی چھپانے کے لئے یہ گھناؤنا کھیل کھیلا جو پاکستان اور پاکستان کے عوام کے ساتھ سرا سر زیادتی ہے - ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ کل ایک صاحب جو ایک سیاسی پارٹی کے صدر بھی رہے ہیں بھاشن دے رہے تھے کہ محمد نواز شریف ملک کو لوٹ کر کھا گئے - حالانکہ یہ شخص خود سر سے لیکر پاؤںتک کرپشن میں ڈوبا ہو ا ہے - انہوںنے کہا کہ یہ وقت نفاق کا نہیں بلکہ اتحاد کا ہے اور قومی اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے شائد اس سے پہلے کبھی نہ تھی- ہمیں ملکر ملک کی ترقی اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے آگے بڑھنا ہے - امیر اور غریب کے درمیان فاصلہ کم کرنے کے لئے ملکر کام کرنا ہے اور عام آدمی کو صحت اور تعلیم کی وہی سہولیات فراہم کرنی ہیں جو ہر پاکستانی کا حق ہے اور اشرافیہ کو حاصل ہے - مجھ سمیت اشرافیہ کو توبہترین اور جدید طبی سہولتیں ملیں جبکہ عام آدمی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہو - کرپشن ، الزام تراشی اور لوٹ مار کا بازار گرم ہو تو ملک ایسے آگے نہیں بڑھ سکتا - اس سے قبل کہ وہ وقت آئے اور عوام کے انتقام کا لاوا پھٹ پڑے - سرخ انقلاب سب کچھ بہا کر لے جائے ، ہمیں ہوش کے ناخن لینا ہوں گی- اگر سرخ انقلاب آگیا تو وہ یہ نہیں دیکھے گا کہ یہ کسی خادم یا کسی بادشاہ یا شہنشاہ کا گھر ہے سب کچھ خس و خاشاک کی طرح بہہ جائے گا- ایسا وقت آنے سے پہلے ہمیں محنت ، امانت اور دیانت کے اصولوں کو اپنا کر پاکستان کو عظیم سے عظیم تر قوت بنانے کے لئے مل کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کرنا ہو گا- نابینا افراد کے احتجاج کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ ہم نے خصوصی افراد بالخصوص نابینا افراد کی مدد و بحالی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں - یہ ہم نے کوئی ان پر احسان نہیں بلکہ اپنا فرض ادا کیا ہے - پنجاب حکومت نے نابینا افراد کی بحالی کے لئے زبردست پیکج دیا ہے اور اگر اس پر عملدرآمد میں کسی نے کوتاہی کی ہے تو میں ایکشن لوں گا اور ذمہ داروں کو ہرگز نہیں چھوڑا جائے گا-ان کی خدمت ہمارا فرض اور ذمہ داری ہے جسے ہم نے نبھانا ہے - انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت نے خصوصی افراد کی بحالی کے لئے جو اقدامات اٹھائے ہیں اس کی ملک کی 70 سالہ تاریخ میں کوئی اور مثال موجود نہیں- ہم نابینا افراد کے مسائل کے حل اور ان کی معاونت کے لئے حاضر ہیں اور ان کے ساتھ مل بیٹھ کر ہر چیز طے کرنے کو تیار ہیں اگر پھر بھی وہ معترض ہیں تو پھر کیا کیا جا سکتا ہے - سی پیک کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ سی پیک قومی منصوبہ ہے اور اس کے تحت پورے پاکستان میںمنصوبے لگ رہے ہیں - ہمیں اس قومی منصوبے کی کامیابی کیلئے قومی وحدت ، اتحاد اور یگانگت کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور قومی اتحاد کی جتنی آج ضرورت ہے شائدپہلے کبھی نہ تھی- میری تمام سیاسی پارٹیوں سے اپیل ہے کہ آئیں ملکر ملک کی تقدیر بدلیں اور ملک سے مسائل اور کرپشن کے خاتمے کیلئے ایک ہو کر آگے بڑھیں - ایک اور سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ پہلے ہمیں اپنے آپ کو شٹ اپ کال دینی چاہیے ، اپنا بیانیہ اوراپنے صفوں کو درست کرنا چاہیے - محنت ، امانت اور دیانت کو شعار بنا لیں تو کوئی ہمارا بال بھیکا نہیں کر سکتا - بلا شبہ امریکہ ایک بڑی قوت ہے ہمیں برابری کی بنیاد پر اس کے ساتھ اچھے تعلقات بنانا ہیں - اس کے لئے ہمیں اندرونی طور پر مضبوط ہونا ہو گا- اگر ہم اندرونی طور پر مستحکم ہوںگے تو دشمن بھی ہم سے ڈریں گے۔

انٹری ٹیسٹ میںپیپر لیک آؤٹ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کے دوبارہ مفت انعقاد کا اعلان کر دیا گیا ہے - بلا شبہ پیپرلیک ہوا اور یہ ایک بڑا حادثہ ہے ۔ معاملے کی تحقیق کے لئے ایماندار افراد پر مشتمل ٹیم مقرر کر دی گئی ہے اور تحقیقات کی روشنی میں درج بھر افراد گرفتار بھی ہو چکے ہیں - قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ اس واقعہ میں جتنے لوگ ملوث ہیں قانون کے مطابق کڑی سے کڑی سزا سے بچ نہیں پائیں گے اور ذمہ داروں کو ایسی سزا ملے گی کہ رہتی دنیا تک دوبارہ کوئی ایسا عمل نہ کر سکی- ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو ٹی سی ایس کے ذریعے ادویات ان کے گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں - 10 ہزار لوگوں کو ادویات پہنچائی جا چکی ہیں جبکہ 40 ہزار لوگوں کو ادویات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے - انہوںنے کہا کہ یہ ملک کی تاریخ کا پہلا واقع ہے کہ مریضو ںکو ادویات ٹی سی ایس کے ذریعے ان کے گھر وں پر پہنچائی جا رہی ہیں - ایسا واقع نہ پہلے کبھی کسی نہ سنا اور نہ ہی دیکھا - انہوںنے کہا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک بنائے جا رہے ہیں جہاں ہیپاٹائٹس کے مریضو ںکو جدید طبی سہولتیں ملیں گی- انہوںنے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے - منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے اور اس پر پنجاب حکومت نے جس قدر زور دیا ہے شائد ہی کسی نے پہلے ایسا کیا ہو - ہمارے منصوبوں کے خلاف لوگ شوق سے آڈٹ کی درخواتیں دیں تا کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائی- درخواست بازی کرنے والوں کے قائد کا جھوٹ اور بے بنیاد الزام تراشی کا افسوسناک ریکارڈ پہلے ہی قوم کے سامنے آچکا ہے - وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ اگر ترقی یافتہ ممالک محنت اور ایمانداری سے کام کرتے ہوئے ایسی منزلیں طے کر گئے ہیں جو ناممکنات میں سے تھیں تو ہم میں بھی کوئی کمی نہیں - ایسی عظیم منزلیں اور مقاصد ہم بھی حاصل کر سکتے ہیں - ہم بھی اپنے بچوں کو اور اپنے عوام کو اعلی معیار کی تعلیم اور طبی سہولتیں دے سکتے ہیں جو ترقی یافتہ ممالک کو حاصل ہیں - ہمارے پاس وسائل بھی ہیں اور با صلاحیت افرادی قوت بھی ، ہم محنت ، عزم اور جذبے کے ساتھ کام کرتے ہوئے اپنا مقصد پا سکتے ہیں - صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق ، خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز صحت اور پنجاب کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔