آئندہ سندھ میں پی ایس پی کا وزیراعلیٰ ہو گا اور ہم سندھی بھائیوں کی مدد سے حکومت بنائیں گے، سید مصطفی کمال

سندھ کے عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، انہیں پینے کا صاف پانی اور روزگار میسر نہیں، ان حالات میں لوگوں نے اپنا فیصلہ کرنا ہے حالات کو سدھارنے کیلئے آسمان سے فرشتے نہیں آئیں گے، ظلم کیخلاف اٹھنا ہوگا، سندھ کے لوگوں نے پی ایس پی کو ایک آپشن کے طور پر اپنا لیا ہے

بدھ 11 اکتوبر 2017 22:36

آئندہ سندھ میں پی ایس پی کا وزیراعلیٰ ہو گا اور ہم سندھی بھائیوں کی ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ سندھ میں پی ایس پی کا وزیراعلیٰ ہو گا اور ہم سندھی بھائیوں کی مدد سے حکومت بنائیں گے، سندھ کے عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، انہیں پینے کا صاف پانی اور روزگار میسر نہیں، ان حالات میں لوگوں نے اپنا فیصلہ کرنا ہے، حالات کو سدھارنے کے لئے آسمان سے فرشتے نہیں آئیں گے، ظلم کے خلاف عوام کو ہی اٹھنا ہوگا، سندھ کے لوگوں نے پی ایس پی کو ایک آپشن کے طور پر اپنا لیا ہے، لوگوں کو ہمارے کردار کا پتہ ہے، کراچی میں ہم نے ریکارڈ کام کرائے، پی ایس پی عہدوں کے لئے سیاست نہیں کررہی اگرعہدوں سے محبت ہوتی تو یہ ہمارے پاس پہلے موجود تھے، عوام کے حالات دیکھتے ہوئے آسائشوں کو لات مار دی۔

(جاری ہے)

وہ اپنے دورہ حیدرآباد کے موقع پر گدو چوک پر پرچم کشائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر پارٹی کے صدرانیس احمد قائم خانی، اشفاق منگی، سید حفیظ الدین، افتخار رندھاوا اور دیگر بھی موجودتھے۔مصطفی کمال نے کہا کہ پی ایس پی اپنا پیغام لے کر پورے سندھ میں جائے گی، سندھ کے عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں انہیں پینے کا صاف پانی اور روزگار تک میسر نہیں ہے، ان حالات میں لوگوں نے اپنا فیصلہ کرنا ہے حالات سدھارنے کے لئے آسمان سے فرشتے نہیں آئیں گے، ظلم کے خلاف عوام کو اٹھنا ہوگا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2018ء میں پی ایس پی اپنا وزیر اعلی لائے گی اور سندھی بھائیوں کی مدد سے حکومت بنائے گی، پی ایس پی کے سوا کوئی جماعت عوامی مسائل حل نہیں کرسکتی، انہوں نے کہا کہ سید حفیظ الدین پی ٹی آئی کی سیٹ چھوڑ کر آئے، انیس قائم خانی نے پارٹی کی ڈپٹی کنوینرشپ کو لات ماری، ہم سب آسائشوں کو لات مار کر سندھ کے حالات بدلنے نکلے ہیں، انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سال بعد کہا جارہا ہے کہ کام کرنے نہیں دیا جارہا، کچرا اٹھانے کا کہا جائے تو میئر کراچی کہتے ہیں اختیارات نہیں ہیں، وزیر اعلی سندھ کہہ رہے ہیں کام نہیں کرنے دیا جارہا، بتائیں آپ کو کون کام کرنے نہیں دے رہا، جو لوگ کہتے ہیں کام کرنے نہیں دیا جارہا تووہ فوری طور پر مستعفی ہوجائیں، انہوں نے کہا کہ خاموشی بہت بڑے طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے، اگر حکمرانوں نے عوام کو بنیادی حقوق نہ دیئے تو عوامی طوفان انہیں ٹھہرنے نہیں دے گا، مصطفی کمال نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی الیکشن سے پہلے کسی سے الحاق نہیں کرے گی، انہوں نے کہا کہ کراچی سے لے کر کشمور تک سڑکیں تباہ حال ہیں، وہ پانی جو جانور نہیں پیتے وہ یہاں کے لوگ پی رہے ہیں، 70 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، نہ روزگار ہے نہ تعلیم ہے اور نہ ہی صحت و صفائی ایسے حالات میں لوگوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ ظلم کرنے والوں کو لوگوں نے ووٹوں کی طاقت دکھانی ہے لوگوں کو اگر ظلم سے نجات حاصل کرنی ہے تو انہیں فیصلہ کرنا ہو گا اور ظلم کے خلاف اٹھنا پڑے گا۔

پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی رہنمائوںکی طرف سے حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف اضلاع کے تنظیمی و عوامی دوروں کا شیڈول ترتیب دیاگیا ہے، بدھ کو پی ایس پی چیئرمین مصطفی کمال پارٹی صدر انیس احمد قائم خانی اور دیگر رہنمائوں کے ساتھ حیدرآباد میں کوٹری سائٹ پھاٹک پہنچے انہوں نے عیدگاہ بہار کالونی اور کوٹری سٹی میں پرچم کشائی‘ گدو چوک حسین آباد پر پرچم کشائی اور پاکستان ہاؤس پر مرکزی خطاب اور ملاقاتیں کیں، حیدرآباد سٹی میں اسٹوڈنٹس فیڈریشن اور پروفیشنل فورم کا پروگرام، تاجر انجمنوں کے نمائندہ وفود سے ملاقاتیں اور لطیف آباد اور سٹی حیدرآباد پر پرچم کشائی کی تقریب اور خطاب کریں گے۔