ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے سندھ میں 328 کلومیٹر پر محیط سڑکوں کی چھ اسکیمیں شروع کی جارہی ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

بدھ 11 اکتوبر 2017 22:33

ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے سندھ میں 328 کلومیٹر پر محیط سڑکوں کی ..
ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے صوبہ سندھ میں 22750 ملین روپے کی لاگت سے 328 کلومیٹر پر محیط سڑکوں کی چھ اسکیمیں شروع کی جارہی ہیں،جس سے صوبہ سندھ میں سڑکوں کے نیٹ ورک کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ یہ بات وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں ورکس اینڈ سروسز کے ساتھ وزیر اعلی ہائوس میں منعقد ہ اجلاس میں بتائی گئی جس میں ورکس اینڈ سروسز کے روڈ سیکٹر اور بلڈنگ کے منصوبوں کا جائزہ لیاگیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی میر ہزار خان بجارانی،صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز امداد پتافی، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر اعلی سندھ کو آگاہی دی گئی کہ ورکس اینڈ سروسز ڈپارٹمنٹ میں کل 496اسکیمیں جاری ہیں جن کی کل مالیت 26بلین روپے ہے۔ورکس اینڈ سروسز 239کلومیٹر روڈ تعمیر کررہی ہے اور ستمبر کے آخر میں سکرنڈ سے سرہاڑی (شہید بے نظیر آباد) اور رک لکی (شکار پور) اسکیمیں ہوجائیں گی۔

اس طرح اکتوبر ماہ میں 9اسکیمیں مکمل ہوں گی جبکہ نومبر میں 2 اور دسمبر میں 28اسکیمیں مکمل ہوجائیں گی۔ایشیئن ڈیولپمنٹ بینک کی مدد سے 6 سڑکیں جن کی لمبائی 328کلومیٹر ہے، اور ان پر لاگت کا تخمینہ22750ملین روپے ہے، جس میں 90.86فیصد ایشیئن ڈیولپمنٹ بینک دے رہی ہے اور 9.14فیصد سندھ حکومت کا شیئر ہے۔ مجوزہ چھ 6اسکیمیوں میں 67 کلومیٹر ٹنڈو محمد خان سے بدین روڈ، 55 کلومیٹر ڈگری نئوکوٹ روڈ، 65 کلومیٹر خیبرسے سانگھڑ تا ٹنڈو آدم روڈ، 63 کلومیٹر سانگھڑ- میرپورخاص روڈ سے سندھڑی، شیران پور سے رتوڈیرو 36کلومیٹر سڑک اور ٹھل سے کندھ کوٹ 44کلومیٹر سڑک شامل ہیں،ان سڑکوں پر کام شروع ہوگیاہے۔

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سڑکوں کی مرمت اور تزئین و آرائش بہت اہم ہے۔ وزیراعلی سندھ نے محکمہ ورکس اینڈ سروس سے پوچھا کہ ہم نے آپ کو رواں سال تزئین و آرائش کی مد میں 1.831 بلین روپئے دیے ہیں،کیا آپ نے آگے ضرورت کے حساب سے فنڈز دیے ہیں اور کام شروع کیا ہے، اس پرصوبائی ویزر ورکس اینڈ سروسزامداد پتافی نے بتایا کہ ضلع بدین کے لیے 229.5 ملین روپے جاری ہوگئے ہیں، یہ فنڈز ہم نے چیف انجنیئر ہائی وے حیدرآباد کو بھیج دیئے ہیں تاکہ مرمت کا کام شروع ہوسکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع لاڑکانہ کے لیے 468.653 ملین روپئے جاری ہوگئے ہیں۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں سڑکوں کی مذکورہ منصوبوں کی تکمیل سے لوگوں کو آمدورفت کی بہترین سہولیات میسر ہونگی اور صوبہ میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

متعلقہ عنوان :