پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹول کا انعقاد خوش آئند ہے ،گورنر سندھ

امن و امان کے قیام کے بعد پاکستان کے حالات بہت بہتر ہو چکے ہیں،دنیا میںمثبت امیج اجاگر کرنا ہوگا ،محمد زبیر ثقافتی ، سماجی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ ضروری ہے ، کراچی فلم سوسائٹی کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب

بدھ 11 اکتوبر 2017 22:33

پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹول کا انعقاد خوش آئند ہے ،گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) گورنر سندھ محمد کی میزبانی میں کراچی فلم سوسائٹی کے تحت پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹول کے لئے تعارفی تقریب گورنر ہائو س میں منعقد کی گئی جس میں جرمنی ، جاپان ، ایران ،مراکش کے قونصل جنرلز اور کراچی فلم سوسائٹی کے بانی عہدیداروں نے شرکت کی ۔تقریب کا مقصد روشنیوں کے شہر کراچی میںانٹرنیشنل فلم فیسٹول کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا ۔

تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد پاکستان کے حالات بہت بہتر ہو چکے ہیں ، ثقافتی ، سماجی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ سے دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج اجا گر کیا جا سکتا ہے کیونکہ موجودہ صورتحال کے مطابق دنیا میں تاحال پاکستان کا حقیقی مثبت امیج بحال نہیں ہوا جس طرح کہ ہونا چاہئے تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ثقافتی سرگرمیاں روز بروز بڑھتی جارہی ہیں اور انٹر نیشنل فلم فیسٹول کا انعقادوقت کی اہم ترین ضرورت ہے ، پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹول کے مارچ 2018 ء میں انعقاد کراچی میں اہم ثابت ہوگا اس سے نہ صرف ثقافتی کے فروغ میں مدد ملے گی بلکہ فلم انڈسٹری سے وابستہ ملکی اور غیر ملکی افراد بھی ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گے ۔

گورنر سندھ کراچی فلم کے سوسائٹی کے سرپرست بھی ہیں ، نے کہا کہ فیسٹول کی روشنی میں کراچی بھی فلم کی بڑی انڈسٹری کے طور پر سامنے آئے گا یہ شہر کی ایک شاندارعکاسی ظاہر بھی کرے گا جس سے فلم بنانے والوں کے کام میں بھی مزید نکھار آئے گا اور ایک بار پھر شہر میں فلم انڈسٹری کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹول ٹھنڈی ہوا کا جھوکا ثابت ہوگا جس سے پاکستانی فلمسازوں ، اداکاروں اور دیگر متعلقہ افراد کو دنیا میں مختلف موضوعات پر بننے والی فلموں سے بھی سیکھنے کا موقع ملے گا ، کراچی میں ثقافتی سرگرمیوں میں اضافہ سے عالمی سطح پرپاکستان کا مثبت امیج اجا گر ہوگا، امن و امان کے قیام کے بعد ہمیں سب سے ہاتھ ملا کر سماجی ، ثقافتی اور تفریحی پروگرامز منعقد کرنے کی ضرورت ہے ، مقامی سطح پر ہمیں نئے سینیما گھروں کو متعارف اور پاکستانی فلموں کو عالمی سطح پر دکھانا ہوگا ،فلم سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل بیٹھنے سے آئیڈیاز ،تصوراور اسٹوریز کے تبادلوں سے فلم انڈسٹری کو تقویت حاصل ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹر نیشنل فلم فیسٹول کے زیر اہتمام مختلف ایونٹس کا انعقادسینیمائوں کے عظیم لیجنڈز کو خراج تحسین بھی ہے اور طرح دوسروں کو بھی عظیم لیجنڈ ز سے سیکھنے کی آگاہی حاصل ہوگی جس سے پاکستانی فلم انڈسٹری کو فروغ حاصل ہوگا ۔ تقریب میں گورنر سندھ نے کراچی فلم سوسائٹی کے عہدیداروں کی کا وشوں کو سراہتے ہوئے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا،کراچی لٹریچر فیسٹول کی طرح کراچی فلم سوسائٹی کے زیر اہتمام پاکستان انٹر نیشنل فلم فیسٹول کے مارچ 2018 ء میں انعقاد کا مقصد اس طرح کے ایونٹ مستقبل میں بھی مستقل بنیادوں پر منعقد کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیسٹول میں شرکت کرنے والے مختلف ممالک کے شرکاء کی بنائی جانے والی محدود دورانیہ کی فلم ، ڈاکیومنٹری اور فیچر فلم شہر کے مختلف سینیمائوںNueplex ، فریئر پال ، سی ویو اور دیگر موبائل سینیما ئوں میں دکھائی جائیں۔ تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے عالمی سطح پر پاکستان با الخصوص کراچی کے اصل تاثر کو اجاگر کرنے کی یہ ایک کاوش ہے ،پاکستان کے مسکن کی قدرتی خوبصورتی ،بڑی تعداد میںتاریخی آثار ،مختلف متحرک عوامل ، تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال لٹریچر ،آرٹ ،ڈرامہ ، موسیقی ،میوزک ، شاعری اور فلم کو متعارف کرانے کی ضرورت ہے اس ضمن میں فلم فیسٹول اہم ثابت ہوگا ۔

HUM نیٹ ورک اور کراچی فلم سوسائٹی کی صدر سلطانہ صدیقی نے کہا کہ ہماری سوسائٹی کے ساتھیوں کی یہ ایک اہم کاوش ہے اور مجھے اس ٹیم کا حصہ ہونے پر فخر ہے، یہ ایونٹ نئے فلم سازوں کو عالمی سطح کے کام کے ضمن میں اہم مواقعے فراہم کرے گا۔واضح رہے کہ اپنے شعبوں میں نمایا ں خدمات انجام دینے والے اسٹیٹ بنک کے سابق گورنر ڈاکٹر عشر ت حسین ،OUP کی منیجنگ ڈائریکٹرمس امینہ سید ، رائٹر ، فلمساز ، پالیسی ساز ، سابق وفاقی وزیراورسینیٹر جاوید جبار ، ، حبیب میٹرو پولیٹن بنک کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو سراج الدین عزیز ، Nueplex سینیما کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جمیل بیگ ، SOP کی چیئر پرسن رونق لاکھانی ، اوسکر ایوارڈ حاصل کرنے والی ڈائریکٹراور پروڈیوسر شرمین عبید چنائے اور کراچی فلم سوسائٹی کی صدر ، پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ یافتہ اورہم نیٹ ورک لمیٹڈ کی صدر سلطانہ صدیقی کراچی فلم سوسائٹی میں شامل ہیں ۔