پلوں اور فلائی اوورزکے آرائشی کام سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔ وزیراعلی سندھ

بدھ 11 اکتوبر 2017 22:29

پلوں اور فلائی اوورزکے آرائشی کام سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔ ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے نئے پیکیج II پر کام شروع ہونے جا رہا ہے جس کے تحت شہر کے تمام فلائی اوورز اور پلوں کو آرائشی کام کے ذریعے خوبصورت بنایا جائے گا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے وزیر اعلی ہائوس میں کراچی شہر کے ترقیاتی منصوبوں کے متعلق ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں کراچی پیکیجII کے منصوبے اور ٹریفک مسائل سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی میر ہزار خان بجارانی، وزیر بلدیات جام خان شورو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی محمد وسیم، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، پی ڈی کراچی پیکیج نیاز سومرو، ڈی آئی جی ٹریفک خالد مسرور اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ اب ہم نئے کراچی پیکیج II پر کام کرنے جا رہے ہیں اور اس دوران ٹریفک کے مسائل بھی سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں شہر میں تمام بنے ہوئے فلائی اوورز اور پلوں کو خوبصورت بنانا چاہتا ہوں، اگر ان پلوں پر کچھ آرائشی کام کیا جائے تو اس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔ اجلاس میں وزیراعلی سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 699.4 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے سب میرین چورنگی انڈرپاس کے منصوبہ کا 45 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، نئی اسکیم کے تحت جناح ٹرمینل سے چاکورہ نالہ، ناتھا خان کا کام 95 فیصد ہوچکا ہے اور دیگر منصوبوں میں 700 ملین روپئے کی لاگت سے سنسیٹ اور گذری بلیو وارڈ فلائی اوور کا منصوبہ، 1 بلین روپے کی لاگت سے انٹرچینج برج آن آئی سی آئی پل منصوبہ، 200 ملین روپے کی لاگت سے کورنگی نالے کے پل کو کشادہ کرنے کا منصوبہ جس کا ٹینڈر رواں ہفتے جاری کیا جائے گا، 650 ملین روپے کی لاگت سے فوارہ چوک سے گارڈن تا عبداللہ ہارون اور واپس فوارہ چوک سے زیب النسا روڈ کی از سر نو تعمیر کا منصوبہ، 350 ملین روپے کی لاگت سے ٹینک چورنگی سے سپر ہائی وے تا تھڈو نالو روڈ کا منصوبہ جس کی پری کوالیفکیشن مکمل ہے اور 280 ملین روپے کی لاگت سے ٹیپو سلطان روڈ سے شاہراہ فیصل تا کارساز کا منصوبہ جس کی پری کوالیفکیشن مکمل ہے اور 1.5 بلین روپئے کی لاگت سے شہید ملت روڈ پر خالد بن ولید چوک کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں، جن کی ٹیکنیکل ایویلیویشن SPPRA ویب سائٹ پر رکھ دی گئی ہے۔

اجلاس میں پی ڈی کراچی نے بتایا کہ کینٹ اسٹیشن روڈ پر 15 نومبر سے کام شروع ہوجائے گا۔ جس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ رواں سال نومبر کے پہلے ہفتے سے کراچی میں بہت سارے کام شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے ڈی آئی جی ٹریفک کو ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے کی ہدایات دیں اور کہا کہ تعمیراتی کام سے شہریوں کو تکلیف ہوگی لیکن شہریوں کے تعاون سے ہی شہر کی تعمیر نو مکمل ہوسکے گی۔

بعد ازاں وزیراعلی سندھ نے متعلقہ حکام کو ایئرپورٹ سے خارجی راستے تا شاہراہ فیصل تک کو خوبصورت کرنے کے منصوبے پر کام شروع کرنے کے احکامات جاری کیے۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ کراچی پیکیج II کے تحت ہونے والے ترقیاتی کاموں سے کراچی شہر میں ایک نمایاں تبدیلی آئے گی اور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور کراچی جوکہ روشنیوں کا شہر ہے اس کی رونقوں کی بحالی میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :