ہربچے کو معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کرناہمارے تبدیلی کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے،وزیراعلیٰ پرویزخٹک

بدھ 11 اکتوبر 2017 22:15

ہربچے کو معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کرناہمارے تبدیلی کے ایجنڈے میں ..
نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا تعلیم کے حوالے سے عزم ہر قسم کے شک و شبے سے بالاتر ہے کیونکہ تعلیم مکمل طور پر ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ تعلیم ریاست کے کنٹرول میں ہواور ریاست ہی اسے ریگولیٹ کرے۔ریاست تعلیم کو اپنی کل وقتی ذمہ داری سمجھ کر سہولیات فراہم کرے تاکہ سب کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع میسر ہوں تاہم تعلیم کے حوالے سے نجی شعبے کے کردار کو بھی نظر اندازنہیں کیا جا سکتا۔

وہ بیکن ہائوس سکول سسٹم کے تحت نوشہرہ میں نئے کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔بیکن ہائوس کے چیف ایگزیکٹیو قاسم قصوری اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ناصر قصوری نے بھی خطاب کیا۔ ضلعی ناظم لیاقت خٹک اور ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک بھی ا س موقع پر موجو دتھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے تعلیمی اداروں کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ایک مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔

حکومت شعبہ تعلیم میں درپیش چیلنجز سے بڑے جامع طریقے کے ساتھ نمٹ رہی ہے۔خیبرپختونخو اکے ہر طالب علم کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔سکولوں میں لٹیرین ، بجلی اور پینے کے صاف پانی سمیت دیگر ناپید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو قابل اور محنتی اساتذہ دینے کیلئے پر عزم ہیں۔

صوبے میں 40 ہزار نئے اساتذہ شفاف طریقہ کار کے ذریعے میرٹ پر بھرتی کئے گئے ہیں،جبکہ 83 ہزار اساتذہ کو فن تدریس پر تربیت دی جارہی ہے ۔پرائمری کی سطح پر بنیادی انگلش شروع کر چکے ہیں۔صوبے میں موجود درسی کتب کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانے کیلئے نظر ثانی کی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہر بچے کے تعلیم تک رسائی کے حق کو یقینی بنانے کیلئے سکول سے باہر بچوں کا ڈیٹا اکھٹا کیا گیا ہے۔

صوبے کے ہر بچے کو سکول میں داخل کرانا اور اُسے معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کرنا، ہمارے تبدیلی کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے ۔ جو کچھ میں نے کہا یہ کوئی سیاسی بیان نہیںبلکہ حقیقت ہے۔ہم اپنے عزم کے مطابق کام کرکے دکھانے پر یقین رکھتے ہیں۔کسی بھی سیاسی عزم کو عملی جامہ پہنانے کیلئے وسائل کی فراہمی سب سے بڑا امتحان ہوتی ہے۔ ہماری حکومت نے شعبہ تعلیم کیلئے بجٹ میں کئی گنااضافہ کیا ہے۔اس وقت خیبرپختونخوا میں تعلیم کا بجٹ دیگر تما م صوبوں سے زیادہ ہے۔انہوںنے نوشہرہ میں بیکن ہائوس سسٹم کی برانچ قائم کرنے پر سکول کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا اور اُمید ظاہر کی کہ اس ادارے کی وجہ سے پورے علاقے میں تعلیم و تدریس کے جدید رجحانات کے راستے ہموار ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :