آئندہ الیکشن میں مرکز اور صوبوں میں حکومت بناکردکھائیں گے،آصف علی زرداری

بدھ 11 اکتوبر 2017 22:15

آئندہ الیکشن میں مرکز اور صوبوں میں حکومت بناکردکھائیں گے،آصف علی ..
نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان بہت قربانیو ں کے بعد حاصل ہوا ہے ہمیں اپنے ملک ، اسلاف کی قدر کرنی چاہیے آنے والا دور پی پی پی ہے۔ 2018 کے انتخابات میں انشاء اللہ مرکز اور صوبوں میں حکومت بنا کردکھائیں گے۔ پی پی پی واحد سیاسی جماعت ہے جو عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

افسوس کی بات ہے کہ وزیر اعلی پرویز خان خٹک کے آبائی گائوں مانکی شریف میں تبدیلی نظر آئی تو وہ صوبے اورملک میں تبدیلی کیا لائیں گے میں پرویز خٹک کو اچھی طرح جانتا ہوں۔ وہ میرے ساتھ رہے ہیں۔ پرویز خٹک نے سیاسی انتقام کی انتہا کردی۔ لیاقت شباب کو جیل میں ڈالا۔ میں ان کو کہتاہوں کہ اتنا ظلم کرو جتنا تو کل سہہ سکو ہم قید وبند کے عادی ہیں۔

(جاری ہے)

پرویز خٹک آپ اپنی فکر کریں ۔وہ بدھ کی شام آستانہ عالیہ مانکی شریف میں پیر زادہ نبی امین پیر آف مانکی شریف کی رہائش گاہ آستانہ عالیہ قادریہ مانکی شریف پر پیر زادہ نبی امین کی اپنے خاندان ، مریدوں اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن نے مستعفی ہوکر پی پی پی میں شمولیت کے موقع پر جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی صدر انجینئر ہمایوں خان، سابقہ صوبائی وزیر رحیم داد خان، سابق صوبائی وزیر لیاقت شباب، صوبائی سیکرٹری جنرل فیصل کریم کنڈی، سابق ایم این اے فاٹا اخونزادہ چٹان ،پیر زادہ نبی امین، این اے فور کے امیدوار اسد گلزار، ملک طہماش ، میاں یحییٰ شاہ کاکاخیل نے خطاب کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ اسلام فقیروں کے در سے آیا ہے میں خود قلندر کی دھرتی سے نوشہرہ آیا ہوں۔اولیاء کرام کے در پر ہر مذہب والا جاتا ہے۔ایسا کوئی مذہب نہیں جو اولیا ء کے در پر نہیں گیا ہو۔انھوں نے کہا پاکستان میں ایک سازش کے تحت ہمیں اولیاء کرام اور مذہب سے دور رکھاجارہا ہے۔ اور چند لوگ اپنا مذہب بناکر ہمیں تنگ کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پشاور کی ایک ز مانے میں معیشت کے لحاظ سے بہت مضبوط تھا۔

اوریہ کاروباری حب تھا۔۔آج پشاور کی معیشت کہاں ہے یہاں پر معاشی ترقی کہاں گئی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آج میں پرویز خٹک کے گائوں مانکی شریف آیا ہوں پرویز خٹک کہتا ہے کہ ہم نیا پاکستان اور نیا خیبرپختونخوا بنائیں گے۔وہ اس گائوں کو نیا نہیں بناسکے ۔ تو نیا خیبرپختونخوا اور پاکستان کیا بنائیں گے آج اس گائوں کی حالت دیکھ کر اندازہ لگ چکا ہے کہ پی ٹی ائی کے صوبائی حکومت نے ساڑے چار تک اس خطے کی کیا خدمت کی۔

انھوں نے بائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مذید کہا صوبائی حکومت نے تو خیبربینک کو بھی نہیں چھوڑا۔ ہر قسم کی سیاسی انتقام لیاجارہا ہے یہاں تک کہ سابق صوبائی وزیر لیاقت شباب کو جیل بھیج دیا گیا۔میں نے پرویز خٹک کو کہا کہ لیاقت شباب توجیل کی تکالیف برداشت کرلے گا مگر پرویز خٹک بتائو کہ تم اور تمھارا لیڈر جیل کی تکالیف سہہ سکیں گے یا نہیں۔

قبل ازیں آصف علی زرداری ہیلی کاپٹر کے زریعے مانکی شریف پہنچے تو انھوں نے مانکی شریف کے پیر وں اور غوث سید عبدالوہاب، سید محمد امین الحسنات کی قبروںپر پھولوں کی چادریں چرائے اورخلوت میں سجاد نشین پیر شمس الامین سے ملاقا ت کی اور دعائیں کی گئی آصف علی زرداری نے سینکڑوں سال پرانی لائبرری اور قائداعظم کیء دورہ مانکی شریف کی تصاویر دیکھی اور دستاویزات کامعائنہ کیا اور علماء و مشائخ کے ساتھ بند کمرے اجلاس میں شرکت کی علاوہ ازیں آصف علی زارداری بذریعہ ہیلی کاپٹر زیارت کاکاصاحب گئے وہاں پر انھوں نے شیخ رحمکار سید کستر گل المعارف زیارت کاکاصاحب کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

اور کاکا صاحب کا کئی سوفٹ لمبا روایایتی پرچم لہرا۔اس موقع پر اصف علی زرداری کے ہمراہ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل اور کاکاخیل قوم کے عمائدین بھی موجود تھے۔ اصف علی زرداری نے مختصر خطاب میں شہدا کی قربانیوں اور دین اسلام کی اشاعت کرنے پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :