موجودہ حکمرانوں کو عوامی مسائل حل کرنے سے کوئی دلچسپی نہیں، مصطفی کمال

عوام کواپنی حالت بہتر بنانے کے لیے پاک سر زمین پارٹی کو ساتھ دینا ہو گا، اندرون سندھ دورے کے موقع استقبالیہ کیمپوں سے خطاب

بدھ 11 اکتوبر 2017 22:13

موجودہ حکمرانوں کو عوامی مسائل حل کرنے سے کوئی دلچسپی نہیں، مصطفی کمال
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2017ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال ، صدر انیس قائم خانی ،سینٹرل ایکزیکٹو کمیٹی ، نیشنل کونسل اور پاکستان آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین سمیت 10اکتوبر بروز منگل کوسندھ کے اہم دورے پر روانہ ہوئے۔ سید مصطفی کمال کا قافلہ سندھ کے دورے کے پہلے روز جب قائدآباد سے گزرا تو عوام نے پاکستان اور پاک سر زمین پارٹی کے حق میں بھرپور نعرے بازی کرتے ہوئے سید مصطفی کمال سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

سید مصطفی کمال کا قافلہ گھارو،مکلی اوردھابیجی سے ہوتا ہوا ٹھٹہ پہنچا جس کے راستے میں مختلف مقامات پر سخت گرمی کے باوجودخواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے پر تپاک استقبال کیا ۔سید مصطفی کمال نے مکلی میں پیر شاہ جیلانی اور عبداللہ شاہ صحابی کی درگاہوں پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور چادر چڑھائی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سید مصطفی کمال نے پیر شاہ جیلانی کے صاحبزادوںاور خلیفہ رجب الدین سے ملاقات کی جس میںبزرگان نے سید مصطفی کمال کی ان کے نیک مقاصد میں کامیابی کے لیے دعا کی۔

اس موقع پر بزرگانِ دین کی درگاہوں پر درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت بھی کی گئی۔سید مصطفی کمال اور انیس قائم خانی نے سندھ کے دورے کے پہلے روز مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی اور تمام پاکستانیوں کو پاکستان کے پرچم تلے متحد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ٹھٹھہ پہنچنے پر سید مصطفی کمال کے قافلے کا ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے استقبال کیا جن سے ارسلان پیلس ٹھٹھہ میں سید مصطفی کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو مسائل حل کرنے ہوتے تواب تک وہ کر چکے ہوتے ،اپنی حالت بہتر بنانے کے لیے عوام کو اب پاک سر زمین پارٹی کو مضبوط کرنا ہوگا اور آئندہ انتخابات میں پی ایس پی کا حمایت یافتہ وزیرِ اعلی منتخب کروا کروسائل اور اختیارات چند خاندانوں سے لے کر نچلی سطح تک لانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

سید مصطفی کمال نے گھارو،مکلی ، دھابیجی اور کوٹری میں قائم پاک سر زمین پارٹی کے دفاتر کا دورہ کیا ،ڈسٹرکٹس کے ذمہ داران و کارکنان سے ملاقات کی اور کوٹری انڈسٹریل ایریا میں بھی پارٹی کے نئے دفتر کا افتتاح کیا۔#

متعلقہ عنوان :