گلی ،محلوں اور سٹرکوں پر کھلے مین ہولز شہریوں کیلئے وبال جان بن چکے ہیں ،عبدالولی خان شاکر

بدھ 11 اکتوبر 2017 21:41

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) جماعت اسلامی صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالولی خان شاکر نے کہا ہے کہ ضلعی حکومت وانتظامیہ کی غفلت سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی گلی محلوں اور سٹرکوں پر کھلے مین ہولز شہریوں کیلئے وبال جان بن چکے ہیں ۔شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں عوام ٹینکر مافیا کے رحم وکرم پر ہے ۔شہریوں کے مسائل حل کرنے میں ضلعی حکومت کیساتھ لوکل گورنمنٹ کو اختیارات ووسائل فراہم نہ کرنا بھی شامل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر میں شہریوں کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگومیں کہی انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر میں کھلے مین ہولز پر ڈھکن لگوانا،برساتی نالوں کی تعمیر میں غفلت وکرپشن کی وجہ سے شہری پریشان ہیں اس کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں پر عائد ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

شہر بھر میںہسپتالوں ،تعلیمی اداروں میں عدم صفائی ،ٹریفک کے مسائل ،سینکڑوں کی تعداد میں کھلے مین ہولز،برساتی نالوں میں گاڑیوں وشہریوں کا گرنا ،جانی ومالی نقصان ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کی عکاسی کرتے ہوئے منہ چڑھا رہے ہیں ۔

گلی محلوں کے علاوہ سٹرکوں پر کھلے مین ہولز،برساتی نالوں کی چھتوں کی توڑپوڑ متعدد حادثات کا باعث بن رہے ہیں جن پر متعلقہ ادارے آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں ۔صوبائی حکومت ،منتخب نمائندوں سمیت ضلعی حکومت نے شہر میں کوئی خاص پراجیکٹ شروع نہیں کیا لاکھوں کا شہر پریشانی کا شہر حکومتی غفلت کی وجہ سے پریشانی ومسائل کا شہر بن گیا ہے ۔ حکومت ومنتخب نمائندے اجتماعی مسائل کے حل پر توجہ دینے کے بجائے انفرادی ،پارٹی وجیالوں کے مسائل پر توجہ دے رہے ہیں جس کی وجہ سے عوامی مسائل روز بروز بڑھ رہے ہیں ۔

عوامی اجتماعی مسائل سے حکمرانوں کو کوئی سروکار نہیں جبکہ ان مسائل کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے انہوں نے ضلعی وصوبائی حکومت منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا کہ صوبائی دارالحکومت کے لاکھوں شہریوں کے مسائل پر توجہ دیں موسم سرما سے قبل شہر بھر میں گلی محلوںاور سٹرکوں پربرسالتی نالوں ،کھلے مین ہولز موت کے کنوں کو بند کروانے کیلئے کاغذی کارروائیوں کی بجائے عملی اقدامات اُٹھائیں تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :