ووٹ کی طاقت سے نظام میں تبدیلی لائیں گے،بلدیاتی اداروں نے عوام کو مایوس کیا ہے،مصطفٰی کمال

بدھ 11 اکتوبر 2017 20:48

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئر مین مصطفٰی کمال نے کہا ہے کہ ووٹ کی طاقت سے نظام میں تبدیلی لائیں گے ، بلدیاتی اداروں نے عوام کو مایوس کیا ہے ، پی ایس پی 2018ء میں سندھ میں اپنا وزیر اعلیٰ لیکر آئے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں پرچم کشائی تقریبات سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہو ئے کیا اس موقع پر پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی،حیدرآباد کے صدر ندیم قاضی ، سیکرٹری رضوان گدی اور دیگر مقامی قائدین بھی موجود تھے مصطفٰی کمال اور انیس قائم خانی ٹھٹھہ سے حیدرآباد پہنچے تو راستہ میں کوٹری سائٹ ایریا اور کوٹری شہر میں انکا شاندار استقبال کیا گیا انہوں نے حسین آباد چوک ، علی پیلس قاسم آباد ، چراغ کمپلکس لطیف آباد ،کوہ نور چوک ، حالی روڈ اور دیگر مقامات پر پرچم لہرائے اور پی ایس پی کے اسٹوڈنٹس ونگ سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی نے بہت کم وقت میں اتنی کامیابی حاصل کی ہے جو دوسری جماعتوں کو نہیں مل سکی کراچی سے کشمور اور ملک کے کونے کونے میں ہمارا پیغام تیزی سے پھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کے بلدیاتی اداروں نے عوام کو مایوس کیا ہے، عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے، ہر شہر کچرے اور گندگی کا نمونہ پیش کررہا ہے، سندھ واحد صوبہ ہے جہاں اب بھی اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم ووٹ کی طاقت سے نظام میں تبدیلی لائیں گے 2018ء میںسندھ میں پی ایس پی کا وزیر اعلیٰ ہو گا۔انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہو ئے کہاکہ سندھ کے عوام نے پی ایس پی کو ایک آپشن کے طور پر اپنا لیا ہے عوام کو میرے کردار کا پتہ ہے میں نے کراچی میں ریکارڈ کام کرائے ہیں سندھ کے عوام آج بنیادی سہولیات حتیٰ کے پینے کے صاف پانی سے بھی محروم ہیں۔