تھانے جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہ بن چکے ہیں،پولیس سے کالی بھیڑوں کو نکالاجائی' مقصود احمد

وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب عوام کے جان ومال کے تحفظ کویقینی بنائیں'امیر جماعت اسلامی پنجاب کی عوامی وفود سے گفتگو

بدھ 11 اکتوبر 2017 20:32

تھانے جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہ بن چکے ہیں،پولیس سے کالی بھیڑوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ صوبے میں لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے،دن دیہاڑے اغوابرائے تاوان،چوری ڈکیتی اور قتل وغارت گری کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں جس سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ہاتھ پر ہاتھ دھرے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں،یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے پورے صوبے میں عوام کے جان ومال کاکوئی محافظ نہیں،صوبے کی11کروڑ عوام کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم وکرم پر چھوڑدیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جرائم کے خاتمے کے لیے کام کرنے والے محکمہ پولیس میں ہی کالی بھیڑوں کی موجودگی لمحہ فکریہ ہے۔

(جاری ہے)

رشوت خوری کے باعث اصل حق داروں کو انصاف حاصل کرنے کے لیے برسوں دردر کی ٹھوکریں کھاناپڑتی ہیں۔صوبے میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے۔تھانے درحقیقت جرائم میں ملوث افراد کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔

اوپرسے لے کر نیچے تک کرپشن کانظام موجود ہے اور کوئی پوچھنے والانہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ پولیس پر عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کی حفاظت پر مامور محکمے کو ہنگامی بنیادوں پرجرائم پیشہ افرادسے پاک کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ رواں برس کے دوران سینکڑوں افراد کو پنجاب میں قتل کردیا گیا مگر حکومت وقت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔

21ہزاراشتہاری ملزمان کی عدم گرفتاری پر گوجرانوالہ ڈویڑن سرفہرست ہے جبکہ فیصل آبادڈویڑن میں17ہزار مجرمان مفرورہیں۔ملتان میں اشتہاریوں کی تعداد11ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔بہاولپور میں 8ہزار مفرور ملزمان پولیس کو مطلوب ہیں جبکہ لاہور جسے سیف سٹی کا درجہ حاصل ہے اس میں بھی 6500اشتہاری مجرمان قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔یہ اعدادوشمارقانون نافذ کرنے والوں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان اور حکمرانوں کے قول وفعل کے درمیان تضاد کی واضح مثال ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجا ب اور آئی جی پولیس صوبے کے تمام اضلاع میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کانوٹس لیں اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کویقینی بنایاجائے۔