گورنر سندھ کا ایس ایم فاطمہ جناح اسکول گورنمنٹ کا دورہ

بدھ 11 اکتوبر 2017 19:39

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے بدھ کے روز ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ اسکول کا دورہ کیا اور اسکول کے کلاس رومز، لائبریری، لیبارٹریز، پلے گراونڈز و کمپیوٹر لیب کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، اسکول کے سی ای او بریگیڈئیر (ر) عبدالحق اور معروف گلوکار شہزاد رائے بھی موجود تھے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے اسکول کے نظام تعلیم اور درس و تدریس کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ این جی اوز صوبہ میں تعلیم کے فروغ کے لئے نمایاں کام کر رہی ہیں، خاص طور پر پسماندہ علاقوں میں این جی اوز کا کردار قابل تحسین ہے، حکومت این جی اوز کے تعاون سے لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تیز رفتار ترقی کے لئے انرولمنٹ بڑھانے کے ساتھ ساتھ معیار تعلیم میں اضافہ اشد ضروری ہے، بچیوں کے عالمی دن کے موقع پر ہمیں تمام لڑکیوں کو تعلیم دینے کا عہد کرنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرہ کی نصف آبادی کی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے ضروری ہے، ایس ایم بی فاطمہ جناح اسکول کی سہولیات، معیار تعلیم، ہم نصابی سرگرمیاں قابل تعریف ہیں، زندگی ٹرسٹ کے گود لینے سے اسکول میں بہت بہتری آئی ہے جس کے لئے شہزاد رائے مبارکباد کے مستحق ہیں۔

گورنر محمد زبیر نے کہا کہ گلوکار شہزاد رائے نے عوامی خدمت کو اپنا شعار بنایا اور اپنے وژن کے تحت ملک و قوم کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں، نوجوان نسل کے لئے شہزاد رائے جیسے افراد آئیڈیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ سے ہی ملک و قوم کی ترقی یقینی ہے، اس ضمن میں حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے، قومی تقاضوں، تعلیمی ضروریات اور عصر حاضر کے مطابق نصاب کی تیاری جدید دور میں انتہائی ناگزیر ہے۔