پاک فوج نے علاقے میں قیام امن کیلئے بے دریغ قربانیاں دی ہیں،نذیراحمدبٹ

قبائلی بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کیلئے متعدد آرمی پبلک سکول کھولے گئے ہیں،کورکمانڈرپشاوکی عمائدین سے گفتگو

بدھ 11 اکتوبر 2017 20:08

جنوبی وزیرستان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) کورکمانڈر لیفٹننٹ جنرل نزیر احمد بٹ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے،پاک فوج نے علاقے میں امن کے قیام کیلئے بے دریغ قربانیاں دی ہیں،دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں ہزاروں کی تعداد میں پاک آرمی کے افیسر وجوان شہید ہوئے ہیں، پاک فوج نے امن کے قیام کے بعد ترقی کے عمل میں بھی کردار ادا کرنا شروع کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی وزیرستان کے تحصیل مکین اور لدھا میں قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر کورکمانڈر کے ہمراہ جی او سی نائن ڈیو میجر جنرل نعمان ذکریا ،پاک آرمی کانی گرم ایریا کے کمانڈنٹ عرفان احمد ملک ،پولیٹیکل ایجنٹ جنوبی وزیرستان ظفرالاسلام خٹک ،اے پی اے لدھا محمد نائب الدین دوڑ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کورکمانڈر نے مکین کے علاقے میں ذوالقرنین شہیدکے نام سے منسوب قلعہ کا افتتاح کرنے کے بعد وہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مکین کا افتتاح بھی کردیا جبکہ کورکمانڈر نے لدھا ہائی سکول کا دورہ بھی کیا ۔مکین کے دورہ کے موقع پرمحسود قبائل کے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کورکمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل نزیر احمد بٹ نے کہا کہ دہشت گردوں نے اسلام کے نام پر اس علاقے کے عوام کی زندگیاں اجیرن بنا دی تھی اس علاقے میں امن پاک فوج کی بے پناہ قربانیوں کی وجہ سے ممکن ہوا ۔

انھوں نے قبائلی عمائدین پر زور دیا کہ وہ پاک فوج اور پولیٹیکل انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور ان کے ساتھ ربطوں میں رہیں تاکہ علاقے میں امن کے قیام میں دہشت گرد خلل پیدا کرنے کی کوشش نہ کریں۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے تاہم قبائلی عمائدین اپنے علاقوں میں ہر آنے الے شخص پر نظررکھیں۔کورکمانڈر پشاور نے کہا کہ پاک فوج نے علاقے میں امن کے قیام کے بعد علاقے میں تیزی سے ترقی میں بھی کردار ادا کرنا شروع کیا ،قبائلی بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کیلئے کئی ارمی پبلک سکول کھولے گئے ہیں۔

قبائلی عمائدین نے کور کمانڈر پشاور کا دورہ جنوبی وزیرستان پر ان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک آرمی نے جنوبی وزیرستان میں امن قائم کرکے فاٹا کے ایک کروڑ قبائل کے دل جیت لئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :