مردان، بدرمنیر کا نعم البدل آج تک پیدا نہیں ہوا وہ ایک اچھے ادا کار ہونے کیساتھ ایک عظیم انسان بھی تھے ، ڈاکٹر محمد یوسف یو سفزئی

مران پریس کلب میں بدرمنیر کی نویں برسی پر تقریب کا انعقاد، سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت

بدھ 11 اکتوبر 2017 18:26

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2017ء) خدائی خدمتگار ڈاکٹر محمد یوسف یو سفزئی نے کہا ہے کہ بدرمنیر کا نعم البدل آج تک پیدا نہیں ہوا وہ ایک اچھے ادا کار ہونے کیساتھ ساتھ ایک عظیم انسان بھی تھے انہوں نے فلاحی اور سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا انکے خدمات سنہرے حروف میں لکھے جائینگے۔ بدھ کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان پریس کلب میں بدرمنیر ویلفیئر آرگنائز یشن اور کلچرل جرنلسٹس فورم کے زیر اہتمام پشتو فلموںکے نامور اداکار بدرمنیر کی نویں برسی کے تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے محکمہ ثقافت خیبرپختونخوا کے ماہرزبان اور ادب اکبر ہوتی،بدرمنیر ویلفیئر آرگنائز یشن کے چیئرمین محمد جاوید یوسفزئی،حاجی محمد ابراہیم،معراج بدر،رحمان شیر یوسفزئی،شاعروادیب مہراندیش،انسٹی ٹیوٹ فار کلچر اینڈ سوک ایجوکیشن کے چیئرمین محمد صادق امین اور کلچرل جرنلسٹس فورم مردان کے ڈپٹی کنونیئر عبداللہ شاہ بغدادی نے بھی خطاب کیا اس موقع پرپشتو فلموں کے اداکار شاہد خان کے والد معروف فلمسازلالہ سردارخان،سنیئر صحافی احتشام طورو کی والدہ ماجدہ اوربدرمنیر کی ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی ہوئی۔

(جاری ہے)

مقررین نے خطاب کرتے ہو ئے بدرمنیر کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بدر منیرنے اپنی فنی زندگی کے دوران 750سے زائد پشتو ، اردو اور پنجابی فلموں سمیت ایک انگریزی فلم میں بھی کام کیا ہے۔ پختونخواکے سنگلاخ پہاڑوں سوات کے پتھریلے علاقے شاگرام مدین کے پیش امام یا قوت میاں کے گھر میں پیدا ہونے والا بدرے یعنی دنیامیں بین الاقوامی شہرت یافتہ اور پشتو فلم انڈسٹری میں ایک ایسا نام بن کر سامنے آیا جو بلا تعلیم حاصل کئے پاکستان فلم انڈسٹری پر 41سال راج کیا بدرمنیر کا نام ہے محنت کا ،انہوں نے صرف اپنے محنت کے بل بوتے پر کام کیا ۔

فلموں کے عظیم اداکار بدرمنیر خیراتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے چاہے ملک قدرتی آفات کا شکار ہو یا کوئی اور وجہ وہ خود میدا ن میں آکر امدادی کاموں کے لئے چندہ مہم چلاتے تھے۔ 90ء کی دہائی میں جب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے شوکت خانم کینسر ہسپتال کے لئے صوبہ خیبر پختونخوہ میں چندہ مہم چلائی تو اس وقت بدرمنیر نے ان کا ساتھ دیا جس کی وجہ سے لوگؤں نے بڑھ چڑھ کر چندہ دیا۔

اس کے علاوہ اسی دور میں لاہو رکے ہولناک سیلاب سے متاثرین لوگوں کی امداد کے لئے بھی بدرمنیر نے پورے صوبے میں چندہ مہم چلائی تھی وہ اپنے ساتھی اداکاروں میں کافی خوش مزاج بھی تھے وہ ایک ہمدرد شفیق اور باکردارانسان تھے وہ ایک غیرتی پختون اور نڈر بے باک قسم کے آدمی تھے۔ انہوںنے محکمہ ثقافت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بدرمنیر کے حوالے سے سرکاری سطح پر پروگرامز منعقد کیا جانا ضروری ہے کیونکہ انکی اداکاری سے ملک وقوم کا نام روشن ہوا ہے حکومت کو چاہئے کہ ہر سیاسی ادبی سماجی اور ثقافتی ہیروز کے یاد میں سرکاری سطح پر پروگرامات منعقد کریں اور انکے خدمات کے اعتراف میں انعامات واکرامات نوازیں تاکہ انکی حق رسید ہوجائے اور آنے والے نسلوں کی حوصلہ افزائی ہوجائے۔

ان کے نام سے اکیڈمیاں بنانی چاہیے کیونکہ وہ اصل حقدار ہیں ۔اب چونکہ بدرمنیر ہمارے ہاں جسمانی طور پر موجود نہ ہے لیکن روحانی طور پر وہ ہمارے ہاں موجود ہے انکی کردار اور یادیں اسے ہم سے کبھی جدا نہیں کرسکتے ۔ وہ ہمیشہ دلوں پر راج کرے گا۔ اور ان کا نام تاریخ کے اوراق میں زندہ رہے گا۔

متعلقہ عنوان :