شہید بینظیر بھٹو کے نظریات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ،بازل علی نقوی

میرا انتخاب کرنے پر چیئرمین بلاول بھٹو کا مشکور ہوں، عوام کیساتھ تعلق ہر دن گہرا سے گہرا ہوتا جارہاہے ،کسی طرح کے پروٹوکول کا قائل نہیں ،کارکنوں کیساتھ رابطہ برقرار رہے گا ، رہنماء پیپلز پارٹی آزاد کشمیر

بدھ 11 اکتوبر 2017 18:15

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) پیپلزپارٹی ضلع مظفر آباد کے نومنتخب صدر ،سابق وزیرا طلاعات سید بازل علی نقوی نے کہاہے کہ شہید بے نظیر بھٹو کے نظریات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ۔ چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی جانب سے انتخاب پر ان کا مشکور ہوں ،اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر کہ عوام کے ساتھ تعلق ہر دن گہرا سے گہرا ہوتا جاتا ہے ۔

آزادکشمیر سمیت دنیا بھر سے چاہنے والوں نے ٹیلی فون کے ذریعے ،حلقے اور مظفر آباد بھر سے لوگوں نے مبارک باد دیں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ بھٹو ازم ہی ہمارا منشور اور عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہوگا ۔ سید بازل علی نقوی نے ان خیالات کا اظہار ایک ریلی کی شکل میں دربار سائیں سہیلی سرکار پرحاضری اور چادر پوشی کے بعد گفتگو کرتے ہوے کیا ۔

(جاری ہے)

سید بازل علی نقوی کو پی وائی او اورپی ایس ایف کے نوجوانوں کی بڑی تعداد اپنے حصار میں لیکر دربار پہنچی اس دوران فضاء جئے بلاول اور جئے بازل کے نعروں سے گونجتی رہی، کارکنوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ۔سید بازل علی نقوی نے کہاکہ نظریات کی فتح ہوتی ہے جبکہ مفاد پرستی وقتی طور پر تو فائدہ دیتی ہے مگر اس کا اثر دیر پا نہیں ہوتا ۔

انہوں نے کارکنوں سے کہاکہ وہ اپنی جماعت کے نظریات پر کاربند رہیں ہمارا منشور بالکل واضح اور کھلی کتاب کی مانند ہے جس کا مطمع نظر ریاست اور ریاست کے عوام کی ترقی اور خوشحالی ہے ۔انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ کارکنوں کے ساتھ رابطہ اسی طرح برقرار رہے گا جس طرح پہلے تھا بلکہ اب زیادہ ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ میں کسی طرح کے پروٹوکول کا قائل نہیں ہوں ہم سب بلاول بھٹو کے سپاہی ہیں ۔انہوں نے اعتماد پر پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ وہ گاہے بگاہے رہنمائی کرتے رہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جلد ہی پورے ضلع کا دورہ کروں گا اور کارکنوں کی مشاورت سے نئی تنظیم سازی کا اعلان کیا جائے گا ۔