کامسٹیک سلامی سربراہ کانفرنس آستانہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرے، ممنون حسین

اسلامی دنیا میں سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے تعلیم و تحقیق کا فروغ ضروری ہے، نئی نسل مسلم دنیا کا اصل سرمایہ ہے، بہتر تعلیم و تربیت کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے، صدر مملکت

بدھ 11 اکتوبر 2017 18:14

کامسٹیک سلامی سربراہ کانفرنس آستانہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کی رفتار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے اسلامی تعاون تنظیم کی سائنس و ٹیکنالوجی کی تنظیم (کامسٹیک) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسلامی سربراہ کانفرنس آستانہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرے۔صدر مملکت ممنون حسین نے، جو اسلامی تعاون تنظیم کی سائنس و ٹیکنالوجی کمیٹی (کامسٹیک)کے چیئرمین بھی ہیں نے یہ بات ایک بریفنگ کے موقع پر کی جو کامسٹیک کے کوارڈنیٹر جنرل شوکت حمید نے اپنی ٹیم کے ہمرا ہ انھیں دی۔

اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن ، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور وزارت خارجہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ اسلامی دنیا میں سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے تعلیم و تحقیق کا فروغ ضروری ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں اسلامی دنیا میں ضروری تعلیمی و تحقیقی ادارے قائم کیے جائیں اور پہلے سے موجود اداروں کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے۔

صدر مملکت نے ہدایت کی کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے بارے میں اسلامی سربراہ کانفرنس آستانہ میں منظور کی جانے والی تجاویز پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے درکار وسائل کے حصول کیلئے قابل عمل حکمت عملی تیار کی جائے اور عطیات دینے والے ممالک کی متعلقہ اداروں میں نمائندگی یقینی بنائی جائے تاکہ باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم سے معاملات آگے بڑھ سکیں۔صدر مملکت نے کہاکہ نئی نسل مسلم دنیا کا اصل سرمایہ ہے، اس کی بہتر تعلیم و تربیت کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر مین ڈاکٹر مختار احمد ، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی سیکریٹری یاسمین مسعود اور وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری امتیار احمد کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔