چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی سے امریکی قونصل جنرل لاہور کی ملاقات

پرویزالٰہی کے پانچ سالہ دور حکومت میں صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں نمایاں ترقی ہوئی‘الیزابیتھ کے ٹروڈو

بدھ 11 اکتوبر 2017 18:12

چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی سے امریکی قونصل جنرل لاہور کی ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2017ء) مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے امریکی قونصل جنرل لاہور الیزابیتھ کے ٹروڈو اور پولیٹیکل آفیسر این میسن نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امریکن قونصل جنرل نے چودھری پرویزالٰہی کے بطور وزیراعلیٰ پنجاب پانچ سالہ دور حکومت کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے صحت، تعلیم اور عوامی فلاح کے میدان میں بڑی ترقی کی تھی، ان منصوبوں کو ہماری حکومت نے بھی سراہا تھا۔ 1122 کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ادارے کی پاکستان کے دوسرے حصوں میں بھی اشد ضرورت ہے۔ چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات میں مزید بہتری کی ضرورت ہے، دونوں حکومتوں کو عوامی فلاحی منصوبوں پر مل کر کام کرنے سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، پاکستان میں غربت کے خاتمے کیلئے امریکہ صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون کر سکتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ دیا جانا چاہئے تاکہ عوامی ہم آہنگی میں اضافہ ہو۔

متعلقہ عنوان :