سی پیک دونوں ملکوں اور خطے کے استحکام میں اہم سنگ میل ہے‘وفاقی وزیر پرویز ملک

انتشار پسند نیازی پشاور میٹرو بس کی ایک اینٹ نہیں لگا سکے، لاہوریوں کو اورنج ٹرین سے محروم کرنے کے درپے ہیں‘ صوبائی وزیرعمران نذیر

بدھ 11 اکتوبر 2017 18:12

سی پیک دونوں ملکوں اور خطے کے استحکام میں اہم سنگ میل ہے‘وفاقی وزیر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک اور صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری دونوں ملکوں اور پورے خطے کے استحکام میں اہم سنگ میل ہے‘حکومت پاکستان پاک چائنا اقتصادی راہداری کو نصاب میں شامل کرنے پر غور کررہی ہے،پاک چائنا اقتصادی راہداری کے 90 فیصد منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے،اربوں کھربوں کی کرپشن کر کے پاکستان کو کھوکھلا کیا گیا ہے، خدا کے واسطے اب منافقت چھوڑ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ارکان اسمبلی مہر اشتیاق،میاں مرغوب ،رمضان صدیق بھٹی ،سید توصیف شاہ، عامر خان،جاوید اقبال ،رانا احسن شرافت سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشاور میں تو میٹرو بس سروس چلا نہیں سکے اور اس کی ایک اینٹ نہیں لگی لیکن سیاسی مخالفین اور افراتفری کے ایجنڈے پر کاربند نیازی صاحب لاہور کے شہریوں کو اورنج لائن میٹرو ٹرین سے محروم کرنے کے درپے ہیں۔

لاہور کے شہریوں سے ان کا عالمی معیار کی جدید سفری سہولتوں کا حق مت چھینیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے آئینی اداروں کو گالی دینے اور ان کی تضحیک کرنے جھوٹ بولنے والا کس منہ سے اداروں کے استحکام کی بات کر سکتا ہے،انہیں ملکی مسائل سے قطعاٴْ کوئی غرض نہیں اسے صرف چور دروازے سے اقتدار چاہیے،تبدیلی کے دعویداروں نے اگر حقیقی تبدیلی دیکھنی ہے تو پنجاب میں آ کر دیکھیں، ن لیگ کی حکومت ملک کو دہشت گردی سے پاک کرکے ہی دم لے گی،لیگی قیادت بھاگنے والی نہیں بلکہ بگانے والی ہے ،انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر ادارے کی تضحیک ان کا وطیرہ بن چکا ہے،ان کا اصل مقصد ملک میں انتشار اور فساد پھیلانا ہے ،اپنی نا اہلی کو چھپانے کے لئے دوسروں پر الزام تراشی کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ترقی کے جھوٹے دعوے کرنے والے کو 2018ء کے انتخابات میں سمجھ آ جائے گی۔