اجلاس میں قائمقام سپیکر نے محمود خان اچکزئی کو فلور پر بات کرنے کی اجازت دی، پی ٹی آئی ممبران نے ایوان میں شورشرابہ کیا گیا ،یہ پارلیمانی روایات کے منافی ہے،ترجمان قومی اسمبلی

بدھ 11 اکتوبر 2017 18:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2017ء) ترجمان قومی اسمبلی نے اجلاس میں پی ٹی آئی کے ممبران قومی اسمبلی کی جانب سے قائمقام سپیکرمرتضٰی جاوید عباسی پر بلاجواز تنقید کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اجلاس میں قائمقام سپیکر نے پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو فلور پر بات کرنے کی اجازت دی اس دوران پی ٹی آئی کے ممبران کی طرف سے ایوان میں شورشرابہ کیا گیا جو پارلیمانی روایات کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ ایوان کی کاروائی کے دوران جب کوئی پارلیمانی پارٹی کا سربراہ اظہار خیال کرنے کے لیے فلور مانگے تو پارلیمانی روایات کے مطابق اُس کو ترجیح دی جاتی ہے اور قائمقام سپیکر نے انہی روایات کو ملخوظ خاطر رکھتے ہوئے محمود خان اچکزئی کو بات کرنے کی اجازت دی ۔ ترجمان نے پی ٹی آئی کی طرف سے قائمقام سپیکر پر جانبدارانہ رویہ اپنانے کو پارلیمانی روایات کے منافی قراردیاہے۔