کامسٹیک اسلامی سربراہ کانفرنس آستانہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرے،

اسلامی دنیا میں سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے تعلیم و تحقیق کا فروغ ضروری ہیم اسلامی دنیا میں ضروری تعلیمی و تحقیقی ادارے قائم کیے جائیں، پہلے سے موجود اداروں کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے،صدر مملکت ممنون حسین کی اسلامی تعاون تنظیم کی سائنس و ٹیکنالوجی کی تنظیم کو ہدایت

بدھ 11 اکتوبر 2017 18:07

کامسٹیک اسلامی سربراہ کانفرنس آستانہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کی رفتار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے اسلامی تعاون تنظیم کی سائنس و ٹیکنالوجی کی تنظیم (کامسٹیک)کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسلامی سربراہ کانفرنس آستانہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرے۔صدر مملکت ممنون حسین نے، جو اسلامی تعاون تنظیم کی سائنس و ٹیکنالوجی کمیٹی ے چیئرمین بھی ہیں، نے یہ بات ایک بریفنگ کے موقع پر کی جو کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل شوکت حمید نے اپنی ٹیم کے ہمرا ہ انھیں دی ۔

اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن ، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور وزارت خارجہ سمیت دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ اسلامی دنیا میں سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے تعلیم و تحقیق کا فروغ ضروری ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں اسلامی دنیا میں ضروری تعلیمی و تحقیقی ادارے قائم کیے جائیں اور پہلے سے موجود اداروں کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے ۔

صدر مملکت نے ہدایت کی کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے بارے میں اسلامی سربراہ کانفرنس آستانہ میں منظور کی جانے والی تجاویز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے درکار وسائل کے حصول کے لیے قابل عمل حکمت عملی تیار کی جائے اور عطیات دینے والے ممالککی متعلقہ اداروں میں نمائندگی یقینی بنائی جائے تاکہ باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم سے معاملات آگے بڑھ سکیں ۔صدر مملکت نے کہاکہ نئی نسل مسلم دنیا کا اصل سرمایہ ہے، اس کی بہتر تعلیم و تربیت کے لیے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے ۔ اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر مین ڈاکٹر مختار احمد ، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی سیکریٹری یاسمین مسعود اور وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری امتیار احمد کے علاوہ دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔