گورنر سندھ کا ایس ایم فاطمہ جناح اسکول گورنمنٹ کا دورہ

کلاس رومز،لائبریری،لیبارٹریز،پلے گراؤنڈز کمپیوٹر لیب کا معائنہ بھی کیا، سہولیات،معیار تعلیم،ہم نصابی سرگرمیاں قابل تعریف ہیں،محمد زبیر

بدھ 11 اکتوبر 2017 17:59

گورنر سندھ کا ایس ایم فاطمہ جناح اسکول گورنمنٹ کا دورہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے بدھ کے روز ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ اسکول کا دورہ کیا اور اسکول کے کلاس رومز،لائبریری،لیبارٹریز،پلے گراؤنڈز کمپیوٹر لیب کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی،اسکول کے سی ای او بریگیڈئیر (ر)،عبدالحق اور معروف گلوکار شہزاد رائے بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ نے اسکول کے نظام تعلیم اور درس و تدریس کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ این جی اوز صوبہ میں تعلیم کے فروغ کے لئے نمایاں کام کر رہی ہیں،خاص طورپر پسماندہ علاقوں میں این جی اوز کا کردار قابل تحسین ہے ، حکومت این جی اوز کے تعاون سے لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تیز رفتار ترقی کے لئے انرولمنٹ بڑھانے کے ساتھ ساتھ معیار تعلیم میں اضافہ اشد ضروری ہے،بچیوں کے عالمی دن کے موقع پر ہمیں تمام لڑکیوں کو تعلیم دینے کا عہد کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرہ کی نصف آبادی کی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے ضروری ہے،ایس ایم بی فاطمہ جناح اسکول کی سہولیات،معیار تعلیم،ہم نصابی سرگرمیاں قابل تعریف ہیں،زندگی ٹرسٹ کے گود لینے سے اسکول میں بہت بہتری آئی ہے جس کے لئے شہزاد رائے مبارکباد کے مستحق ہیں۔گورنر محمد زبیر نے کہا کہ گلو کار شہزاد رائے نے عوامی خدمت کو اپنا شعار بنایا اور اپنے وژن کے تحت ملک و قوم کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں ،نوجوان نسل کے لئے شہزاد رائے جیسے افراد آئیڈیل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ سے ہی ملک و قوم کی ترقی یقینی ہے اس ضمن میں حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے ، قومی تقاضوں ، تعلیمی ضروریات اورعصر حاضر کے مطابق نصاب کی تیاری جدید دور میں انتہائی نا گزیر ہے۔