حیدرآباد کے صنعتی علاقوں میں بھی انفرااسٹرکچر کی ترقی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ، گورنر سندھ

کامیاب معاشی پالیسی کے باعث قومی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ حیدرآباد کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات

بدھ 11 اکتوبر 2017 17:59

حیدرآباد کے صنعتی علاقوں میں بھی انفرااسٹرکچر کی ترقی کے لئے اقدامات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ قدیم حیدرآباد تجارتی لحاظ سے اپنی منفرد اہمیت کا حامل شہر ہے جہاں تجارتی ، صنعتی اور مقامی صنعتی سے ہزاروں افراد روزگار سے وابستہ ہیں، حکومت حیدرآباد کے صنعتی علاقوں میں بھی انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر بھرپور توجہ دے گی اس ضمن میں وفاق کے تعاون سے جاری فنڈز سے بھی کام کئے جائیں گے ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد کی قیادت چیمبرکے صدر معروف صنعت کار گوہر اللہ کررہے تھے ۔ ملاقات میں حیدرآباد میں وفاق کے تعاون سے جاری منصوبے ، انفرااسٹرکچر ،معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات ، حکومت کی کامیاب معاشی پالیسی اور اس کے صنعتی علاقوں پر مثبت اثرات ، حائل رکاوٹوں اور مشکلات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے حکومت ہر ممکن وسائل استعمال کررہی ہے ،حکومت کی کامیاب معاشی پالیسی کے باعث قومی معیشت مستحکم ہو رہی ہے ،حکومت صنعت کاروں اور تاجروں کے تعاون سے اس ضمن میں مزید اقدامات کو یقینی بنارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بہتر ہوتی صورتحال سے غیرملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے جس کا نتیجہ یہ ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے ، نئی صنعتوں کے قیام میں تیزی آرہی ہے ، نجی سیکٹر بھی فعال کردار ادا کررہا ہے جس سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ معاشی صورتحال کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے ٹھوس اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں جس کے پورے صوبہ میں مثبت نتائج مرتب ہو رہے ہیں ، حیدرآباد میں بھی معاشی سرگرمیاں تسلسل سے بڑھ رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے عام آدمی کی زندگی میں بھی بہتری کے نمایاں اثرات مرتب ہورہے ہیں مہنگائی پر کنٹرول سے سماجی سرگرمیوں میں اضافہ اور لوگوں کا معیار زندگی بھی بلند ہو رہا ہے ،خاص طور پر معاشی سرگرمیوں سے روزگار کے مواقعوں سے لوگوں میں خوشحالی آرہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 2013 ء سے آج کا پاکستان ہر لحاظ سے بہت بہتر ہے ، معاشی ، اقتصادی ، سماجی ، ثقافتی اور دیگر سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں امن و امان میں بھی بہتری آرہی ہے ، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بحالی سے سرمایہ کاری کے فروغ میں بہت بہتری آرہی ہے ، موجودہ حکومت نے پورے ملک میں امن و امان قائم کیا اور بجلی بحران پر نہ صرف قابو پالیا ہے بلکہ ہم اپنی ضروریات سے بھی زائد بجلی حاصل کرنے میں کامیاب ہورہے ہیں ، لوڈشیڈنگ سمیت دیگر مسائل کا خاتمہ نئی حکومت کے لئے موجودہ حکومت کے تحفے ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کی عظیم مثال سی پیک منصوبہ پاکستان کی تاریخ میں ایک بڑا قدم ہے ، منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہو جائے گا ،اس منصوبہ سے سب سے زیادہ فائدہ صوبہ سندھ کو ہوگا حیدرآباد میں بھی معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے صنعت کاروں کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے تاکہ صنعتی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ حیدرآباد کے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جا سکیں ۔