اسلامی دنیا میں سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے تعلیم و تحقیق کا فروغ ضروری ہے

کامسٹیک اسلامی سربراہ کانفرنس آستانہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرے صدر مملکت ممنون حسین کی اسلامی تعاون تنظیم کی سائنس و ٹیکنالوجی تنظیم کو ہدایت

بدھ 11 اکتوبر 2017 17:17

اسلامی دنیا میں سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی اور عام آدمی کا معیار زندگی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے اسلامی تعاون تنظیم کی سائنس و ٹیکنالوجی کی تنظیم (کامسٹیک) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسلامی سربراہ کانفرنس آستانہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرے۔ صدر مملکت ممنون حسین جو اسلامی تعاون تنظیم کی سائنس و ٹیکنالوجی کمیٹی (کامسٹیک)کے چیئرمین بھی ہیں، نے یہ بات بدھ کو ایک بریفنگ کے موقع پر کہی جو کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل شوکت حمید نے اپنی ٹیم کے ہمرا ہ انہیں دی۔

اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور وزارت خارجہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ اسلامی دنیا میں سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے تعلیم و تحقیق کا فروغ ضروری ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں اسلامی دنیا میں ضروری تعلیمی و تحقیقی ادارے قائم کئے جائیں اور پہلے سے موجود اداروں کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے۔

صدر مملکت نے ہدایت کی کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے بارے میں اسلامی سربراہ کانفرنس آستانہ میں منظور کی جانے والی تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے درکار وسائل کے حصول کیلئے قابل عمل حکمت عملی تیار کی جائے اور عطیات دینے والے ممالک کی متعلقہ اداروں میں نمائندگی یقینی بنائی جائے تاکہ باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم سے معاملات آگے بڑھ سکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ نئی نسل مسلم دنیا کا اصل سرمایہ ہے، اس کی بہتر تعلیم و تربیت کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی سیکرٹری یاسمین مسعود اور وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری امتیاز احمد کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔