سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے زیر استعمال بلٹ پروف گاڑی کی واپسی کیلئے دائر درخواست کی سماعت پرسوں تک ملتوی، سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد طلب

بدھ 11 اکتوبر 2017 14:27

سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے زیر استعمال بلٹ پروف گاڑی کی واپسی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے زیر استعمال بلٹ پروف گاڑی کی واپسی کیلئے دائر درخواست کی سماعت (کل)جمعہ تک ملتوی کر تے ہوئے سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو ریکارڑ سمیت ذاتی طور پر طلب کرلیا۔بدھ کو عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔

وزارت قانون و انصاف کے جوائنٹ سیکرٹری عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی جانب سے شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

عدالت نے سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو ذاتی حثیت میں طلب کرلیا۔ سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ گاڑی خود دی جاتی ہے اور پھر گاڑی رکھنے کا الزام لگا کر ججز کی توہین کی جاتی ہے، ججز اپنے اختیارات میں رہ کر کام کرتے ہیں اور آرڈر پاس کرتے ہیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ 2400 سی سی گاڑی دی گئی یا 6000 سی سی عدالت کو بتایا جائے کہ کس قانون کے تحت دی گئی، چیف کمشنر اور سیکرٹری داخلہ جمعہ تک عدالت کو بتائیں کہ ججز کو کون سی مراعات دی جاتی ہیں اور دی گئی ہیں ۔ بعد عدالت نے سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنرکو جمعہ کوطلب کیا ۔