فی الحال لاپتہ افراد کمیشن کی سربراہی نہیں چھوڑ رہا ہوں ،ْ

حتمی رپورٹ انجام تک پہنچا کر ہی کمیشن کی سربراہی چھوڑونگا ،ْ جاوید اقبال

بدھ 11 اکتوبر 2017 13:38

فی الحال لاپتہ افراد کمیشن کی سربراہی نہیں چھوڑ رہا ہوں ،ْ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) چیئر مین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ فی الحال لاپتہ افراد کمیشن کی سربراہی نہیں چھوڑ رہا ہوں ،ْ لاپتہ افراد معاملے پر تین سال بہت محنت کی ہے ،ْ رپورٹ حتمی مرحلے میں ہے ،ْ رپورٹ کو انجام تک پہنچا کر ہی کمیشن کی سربراہی چھوڑوں گا ،ْاسامہ بن لادن کمیشن کا نتیجہ نکال کر دے دیا تھا اب حکام کا کام ہے اس پر کام کریں ،ْقانون کے مطابق کام کرتے ہوئے اپنی بہترین قابلیت کو بروئے کار لائیں گے اور انشاء اللہ نیب کیسز کا بھی نتیجہ نکلے گا۔

بدھ کو چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال انسانی حقوق کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی صرف چارج سنبھالا ہے کوئی بریفنگ نہیں لی ،ْ آئندہ ایک دو روز میں بریفنگ لوں گا اور اپنے کام کا باقاعدہ آغاز کروں گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیب سے لاپتا افراد کمیشن کی سربراہی سے متعلق سوال کیا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ فی الحال لاپتا افراد کمیشن کی سربراہی نہیں چھوڑ رہا ،ْلاپتا افراد کمیشن میں 3 سال بہت محنت کی ہے، اس کی رپورٹ حتمی مرحلے میں ہے، اب اس رپورٹ کو انجام تک پہنچا کر ہی کمیشن کی سربراہی چھوڑوں گا اور پھر پوری توجہ نیب پر ہو گی۔

اسامہ بن لادن کمیشن سے متعلق پوچھے گئے سوال پر چیرمین نیب نے کہا کہ انہوں نے اسامہ بن لادن کمیشن کا نتیجہ نکال کر دے دیا تھا اب حکام کا کام ہے اس پر کام کریں۔چیئرمین نیب نے کہاکہ انہیں کام میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی اور ایمانداری کے ساتھ اپنا کام سرانجام دیں گے۔جاوید اقبال نے کہا کہ قانون کے مطابق کام کرتے ہوئے اپنی بہترین قابلیت کو بروئے کار لائیں گے اور انشاء اللہ نیب کیسز کا بھی نتیجہ نکلے گا۔