ایبٹ آباد کمیشن کی طرح نیب کیسز کا بھی نتیجہ نکلے گا ،

تمام بڑے مقدمات کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، کوئی معاملہ التواء کا شکار نہیں بننے دونگا،لاپتہ افراد کمیشن کی رپورٹ حتمی مراحل میں ہے ، رپورٹ جمع کرانے کے بعد کمیشن کی سربراہی چھوڑ دونگا قومی احتساب بیورو کے نئے چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو

بدھ 11 اکتوبر 2017 12:20

ایبٹ آباد کمیشن کی طرح نیب کیسز کا بھی نتیجہ نکلے گا ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2017ء) قومی احتساب بیورو (نیب ) کے نئے چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال عہدہ سنبھالتے ہی انسانی حقوق کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پارلیمنٹ ہائوس پہنچ گئے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں اس عزم کا اظہار کیا کہ نیب کیسز کا ہر صورت نتیجہ نکلے گا ، ایبٹ آباد کمیشن کا بھی نتیجہ نکلا، تمام بڑے کیسز کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، کوئی معاملہ التواء کا شکار نہیں بننے دونگا،لاپتہ افراد کمیشن کی حتمی رپورٹ آخری مراحل میں ہے ، رپورٹ جمع کرانے کے بعد کمیشن کی سربراہی چھوڑ دونگا۔

بدھ کو انسانی حقوق کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پارلیمنٹ ہائوس پہنچنے پرمیڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے نئے چیئرمین نیب جاوید اقبال جو لاپتہ افراد کمیشن کے بھی سربراہ ہیں ،نے کہا کہ فی الحال وہ لاپتہ افراد کمیشن کی سربراہی نہیں چھوڑ رہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ایبٹ آباد کمیشن کی تحقیقات کا نتیجہ نکلا ، اسی طرح نیب کیسز کا بھی نتیجہ نکلے گا۔

تمام بڑے کیسز کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے،انشاء الله تمام کام خوش اسلوبی سے ہوں گے۔ انہوں نے لاپتہ افراد کے حوالے سے کہاکہ لاپتہ افراد کمیشن کی حتمی رپورٹ آخری مراحل میں ہے اور میں رپورٹ جمع کرانے کے بعد کمیشن کی سربراہی چھوڑ دونگا۔ جاوید اقبال نے کہاکہ چیلنجز سے نمٹنا ان کے لئے کوئی نئی بات نہیں ۔انہوں نے کہاکہ میں نیب کے تمام امور پر تفصیلی بریفنگ لوں گا اورکوئی معاملہ التواء کا شکار نہیں بننے دونگا۔