امریکی محکمہ خارجہ نے ترکی میں امریکی سفارتی عملہ کی گرفتاری کو پریشان کن قرار دیدیا

بدھ 11 اکتوبر 2017 12:03

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) امریکی محکمہ خارجہ نے ترکی میں امریکی سفارتی عملہ کی گرفتاری کو پریشان کن قرار دیا ہے۔ دونوں ممالک نے انقرہ میں امریکی سفارت خانے کے ترک اہلکار کی ترک سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں گرفتاری پر سفارتی کشیدگی کے باعث ایک دوسرے کے شہریوں کیلئے نان امیگرنٹ ویزا سروس معطل کر رکھی ہے۔

ترک حکام کا موقف ہے کہ گرفتار کئے جانے والے شخص کے امریکا میں مقیم باغی ترک رہنما فتح اللہ گولن سے روابط ہیں جنہیں ترک حکومت گذشتہ سال کی ناکام فوجی بغاوت کا ذمہ دار قرار دیتی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان نے بتایا کہ ترک حکام نے رواں سال کے دوران انقرہ میں امریکی سفارت خانے کے عملہ کے دو ترک ارکان کو گرفتار کیا ہے جن میں سے ایک کو گذشتہ اتوار کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

امریکی ترجمان کے مطابق ترک حکام نے عملہ کے ایک اور رکن کو طلب کرکے اس سے پوچھ گچھ کی لیکن اسے گرفتار نہیں کیا گیا۔ امریکی ترجمان نے کہا کہ انہیں ان افراد کی گرفتاری پر سخت افسوس ہوا ہے اور ترک حکومت کا یہ اقدام امریکا کیلئے نہایت پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ اس صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین کوششوں کے باوجود امریکی حکام کو مذکورہ حکام کی گرفتاری کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار کئے جانے والے دونوں افراد انقرہ میں امریکی سفارت خانے میں ترکی کے ساتھ قانون کے موثر نفاذ میں تعاون کے شعبہ میں کام کر رہے تھے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان افراد کو گرفتار کرنے والے اس شعبہ میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ سے خوش نہیں۔

متعلقہ عنوان :