کے الیکٹرک ٹیرف میں اضافہ ،ْحکومت اور نیپرا نے شہریوں پر بجلی بم گرا دیا،حافظ نعیم الرحمن

حکومت ، نیپرا اور کے الیکٹرک گٹھ جوڑ نے کراچی کے شہریوں کو شدید پریشانیوں اورمعاشی دباؤ میں مبتلا کر رکھا ہے، اجلاس سے خطاب

منگل 10 اکتوبر 2017 23:11

کے الیکٹرک ٹیرف میں اضافہ ،ْحکومت اور نیپرا نے شہریوں پر بجلی بم گرا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2017ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے نیپرا کی جانب سے کراچی کے شہریوں کے لیے 10سالہ ملٹی ایئر ٹیرف میں 20تا 100فیصد اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کراچی کے غریب اور متوسط شہریوں پر ظلم اور زیادتی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت اور نیپرا نے کراچی کے عوام پر بجلی بم گرادیا ہے۔

ضرورت تو اس بات کی تھی کہ کرا چی کے عوام سے ناجائز طور پر وصول کیے گئے 200ارب روپے واپس کروائے جاتے مگر اس کے برعکس کراچی کے عوام پر مزید معاشی بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے الیکٹرک سیل پبلک ایڈ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے سربراہ سیف الدین ایڈوکیٹ ، چیئرمین کے الیکٹرک سیل عمران شاہد ،کے الیکٹرک شیئرز ہولڈر ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری چودھری مظہر علی اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ گزشتہ ملٹی ایئر ٹیرف پہلے ہی بہت زیادہ تھا دوسر ی طرف کے الیکٹرک کراچی کے شہریوں پر دانستہ لوڈ شیڈنگ ، اوور بلنگ ، ڈبل بنک چارجز ،ناجائز میٹر رینٹ اور کلائ بیک کے نام پر اربوں روپے بھتہ وصو ل کررہی ہے۔ حکومت ، نیپرا اور کے الیکٹرک گٹھ جوڑ نے کراچی کے شہریوں کو شدید پریشانیوں اورمعاشی دباؤ میں مبتلا کر رکھا ہے اور ان کا گٹھ جوڑ ایک بار پھر کھل کر سامنے آگیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے عدالتی حکم کے باوجود دہلی کالونی میں نئے میٹرز نہ لگانے کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک میٹر لگانے میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے اور میٹر فیس کے علاوہ بھی لاکھوں روپے کا مطالبہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ ڈھائی ہزار سے زائد لوگ کے الیکٹرک کے دفاتر کے باہر اپنی درخواستیں لے کر دھکے کھارہے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ کے ای ایس سی کی نج کاری کے وقت یہ بات کہی گئی تھی کہ سرمایہ کاری کر کے ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنا یا جائے گا اور کراچی کے شہریوں کو سستی بجلی فراہم کی جائے گی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے گا مگر افسوس کہ 10سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی کے الیکٹرک نے نہ ہی معاہدے کے مطابق سرمایہ کاری کی ،نہ ہی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوا اور فرنس آئل کی قیمت کم ہونے کے باوجود بھی شہریوں کے لیے نہ ہی بجلی سستی کی گئی۔

حافظ نعیم الرحمن نے حکومت ،نیپرا اور کے الیکٹرک کے شرمناک کردار کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹیرف میں اضافہ فی الفور اضافہ واپس لیا جائے ، لوڈ شیڈنگ ، اوور بلنگ کا خاتمہ کیا جائے اور کراچی کے شہریوں کی درخواستوں پر فی الفور نئے میٹرز لگائے جائیں۔#