بینظیر بھٹو قتل کیس میں سزا یافتہ پولیس افسران کی ترقی کے ذریعے شریف برادران کی حکومت نے محترمہ کے چاہنے والوں کو مکروہ پیغام دیا ہے، حکومتِ پنجاب سازشیں اور کیس پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہی ہے،یہ بینظیر بھٹو کو اپنا رول ماڈل بنانے والی ملک بھر کی خواتین کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بینظیر قتل کیس میں سزا یافتہ پولیس افسران کی ترقی اور تعیناتی پرردعمل

منگل 10 اکتوبر 2017 22:07

بینظیر بھٹو قتل کیس میں سزا یافتہ پولیس افسران کی ترقی کے ذریعے شریف ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو قتل کیس میں سزا یافتہ پولیس افسران کی ترقی اور تعیناتی کے ذریعے شریف برادران کی حکومت نے پاکستانی عوام اور خاص طور پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے چاہنے والوں کو مکروہ پیغام دیا ہے، یہ بدقسمتی اور عجیب ہے کہ ایک طرف شریف برادران اور ان کی جماعت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانیوں کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہی ہے تو دوسری طرف ان کی وفاقی و پنجاب حکومت سزا یافتہ پولیس افسران کو ترقیوں اور تقرریوں سے نواز رہی ہیں، حکومتِ پنجاب سازشیں اور کیس پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو قتل کیس میں سزا یافتہ پولیس افسران کی ترقی اور تعیناتی کے ذریعے شریف برادران کی حکومت نے پاکستانی عوام اور خاص طور پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے چاہنے والوں کو مکروہ پیغام دیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ایس پی خرم شہزاد کو ایس ایس پی اسپیشل برانچ راولپنڈی تعینات کیا گیا تھا جبکہ ڈی آئی جی سعود عزیز کو پوسٹ رٹائرمینٹ ترقی دی گئی۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ یہ بدقسمتی اور عجیب ہے کہ ایک طرف شریف برادران اور ان کی جماعت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانیوں کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہی ہے تو دوسری طرف ان کی وفاقی و پنجاب حکومت سزا یافتہ پولیس افسران کو ترقیوں اور تقرریوں سے نواز رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب سازشیں اور کیس پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہی ہے اور اس لیئے سزا یافتہ افسران کو تعینات کرکے انہیں حساس اختیارات دیئے ہیں جو کہ وہ کیس میں پیروی کرنے والوں کو ڈرانے و دھمکانے کے لیئے استعمال کر سکتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ بھٹو خاندان کو کبھی عدالتوں سے انصاف نہیں ملا، پی پی پی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قتل کے مقدمہ میں عدالتی فیصلے کو عدالت میں چیلنج کر دیا ہے لیکن قدرت مجرموں کا محاسبہ کرکے انصاف ضرور کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران اور ان کی جماعت کی جانب سے مذکورہ ترقیوں اور تعیناتیوں کے ذریعے دیا جانے والا پیغام قریح ہے اور اس کا مقصد ہماری پارٹی، جیالوں، کارکنان اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو اپنا رول ماڈل بنانے والی ملک بھر کی خواتین کے زخموں پر نمک پاشی کرنا ہے۔