این سی ایچ ڈی کے احتجاجی ملازمین کے مسائل حل کرکے ان میں پائی جانیوالی بے چینی کا فوری خاتمہ کیا جائے، سید گوہر شاہ

منگل 10 اکتوبر 2017 21:54

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2017ء)این سی ایچ ڈی پاکستان کے احتجاجی ملازمین کے مسائل حل کرچھارچینی کا خاتمہ کیا جائے ۔ ملازمین کا معاشی قتل بند کیا جائے ۔ چارسدہ سے ممبر قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ کا اسمبلی میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال ۔ وفاقی وزیر انجینئر بلیغ الرحمان نے ملازمین کے حوالے سے بعض مثبت اقداما ت سے ایوان کو آگاہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق ممبر قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ نے اسمبلی کے رواں اجلاس کے دوران پوائنٹ آف آرڈر پر بحث کر تے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ این سی ایچ ڈی پاکستان کے ملازمین تین ماہ سے اسلام آباد پریس کلب کے سامنے دھرنا دئیے بیٹھے ہیں ۔ ان ملازمین کے جائز مسائل و مشکلات کے حل کیلئے حکومت غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 2013میں ان ملازمین کے مستقل ہونے کے بعد ان کے سروس رولز ، تنخواہوں کی فیکسیشن اور سرکاری ملازمین کے دیگر مراعات کا مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہو ا ہے ۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت فوری طور پر ان ملازمین کے ساتھ کامیاب مذاکرات کرکے ان کے مسائل حل کریںتاکہ ان میں پائی جانیوالی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے ۔بعد ازاں وفاقی وزیر انجینئر بلیغ الرحماننے واضح کیا کہ حکومت ان کے جائز مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے ۔ ابھی تک ان ملازمین کے حوالے سے سینٹ کے سٹینڈنگ ، سب کمیٹی اور قومی اسمبلی کے قائمہ کمیٹی کے اجلاسوں میں ہمیشہ ہم نے مثبت رویے کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے ایوان کو یقین دہانی کرائی کہ بہت جلد ان ملازمین کے دیرینہ اور حل طلب مسائل حل کئے جائینگے ۔