بلوچستان ہائی کورٹ نے گزین مری کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔

منگل 10 اکتوبر 2017 21:29

بلوچستان ہائی کورٹ نے گزین مری کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اکتوبر2017ء) بلوچستان ہائی کورٹ نے قوم پرست رہنما نواب خیر بخش مری کے بیٹے سابق صوبائی وزیرداخلہ گزین مری کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس نظیراحمد لانگو پر مشتمل بلوچستان ہائی کورٹ کے ڈویژنل بنچ نے گزین مری کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کی حراست کو 'غیرقانونی' قرار دے دیا۔

بنچ نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شیہاک بلوچ سے گزین مری کی حراست کے حوالے سے سوالات کیے جس پر انھوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اس بارے میں عدالت کو بتا سکتی ہے۔شیہاک بلوچ کا کہنا تھا کہ سیکریٹری داخلہ اس وقت ایرانی حکام کے ساتھ مشترکہ سرحدی کمیشن میں شرکت کررہے ہیں اس لیے وہ دستیاب نہیں ہوں گے۔بنچ نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گزین مری کی رہائی کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزین مری کو گزشتہ ماہ خود ساختہ طویل جلاوطنی کے بعد وطن واپسی پرسابق جج نواز مری کے قتل کے الزام پر گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد مقامی عدالت کے حکم پر 5 روزہ ریمانڈ میں لیویز کے حوالے کردیا گیا تھا۔بعد ازاں کوئٹہ کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج راشد محمود نے عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو 10 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔تاہم کوئٹہ کی مقامی انتظامیہ نے نواب زادہ گزین مری کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ گزین مری کو تھری ایم پی او کے تحت جیل بھیج دیا گیا ہے۔۔

متعلقہ عنوان :