سابق صدر لاہور ریجن خواجہ ندیم احمد کو جعلی ڈگری کا سکینڈل لے ڈوبا، پی سی بی نے کاغذات نامزدگی منسوخ کر دیے

منگل 10 اکتوبر 2017 19:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2017ء) سابق صدر لاہور ریجن خواجہ ندیم احمد بی اے کی جعلی ڈگری کی وجہ سے ایل سی سی اے کی صدارت کے الیکشن سے باہر ہوگئے ہیں ،پاکستان کرکٹ بور ڈنے باضابطہ طور پر ایل سی سی اے الیکشن میں حصہ لینے والے اہل امیدواران کی لسٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق شاہ ریز عبداللہ خان روکڑی ، جاوید امین اور نوشاد احمد کو صدارت کے امیدواران کے طور پر اہل قرار دیا گیا ہے ۔

ڈپٹی الیکشن کمشنر پی سی بی نے جانبداری کی انتہا کرتے ہوئے خواجہ ندیم احمد کو اس کی جعلی ڈگری واپس کر دی جبکہ خواجہ ندیم احمد کے کاغذات نامزدگی اس بناء پر منسوخ کیے کہ خواجہ ندیم احمد کی بی اے کی سند کاغذات نامزدگی کے ساتھ لف نہ تھی جس کی بدولت خواجہ ندیم احمد کو الیکشن سے باہر ہونے کا باعزت راستہ فراہم کیا گیا جو کہ الیکشن قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اسی طرح سیکرٹری کی سیٹ کے لیے حبیب الرحمن شاہ ، اصغرعلی ناز اور وسیم انور کے کاغذات درست قرار دیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

یاد رہے ایسٹ زون کی طرف سے خواجہ ندیم احمد کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کیا گیا تھا جس میں خواجہ ندیم احمد کے خلاف 8بنیادی آئینی اعتراضات اٹھائے گئے تھے جن میں سب سے بڑا اعتراض خواجہ ندیم احمد کی بی اے کی جعلی ڈگری پر کیا گیا تھا پی سی بی کی طرف سے اعلان کردہ امیدواران کی لسٹ میں اب سابق صدر ایل سی سی اے عامر حیات روکڑی کے صاحبزادے شاہ ریز عبداللہ روکڑی صدارت کے مضبوط ترین امیدوار کے طور پر سامنے آرہے رہیں ۔

دوسری طرف ترجمان ایسٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن مشہود حسین شیرازی کا کہنا ہے کہ ہم خواجہ ندیم احمد کے خلاف جعلی ڈگری کا کیس عدالت عالیہ میں لے کر جائیں گے اور پاکستان کرکٹ بورڈ جو کہ ایک قومی ادارہ ہے اس کو گمراہ کرنے اور جعلی ڈگری مہیا کرنے پر خواجہ ندیم احمد کے خلاف قانونی کاروائی کریں گے تاکہ آئندہ کوئی کسی قومی ادارے کے ساتھ ایسا کھلواڑ کرنے کی کوشش نہ کرے ۔