قبائلی مشران کے مذاکرات کے نتیجے میں عدالتی دائرہ اختیار ،صوبائی اسمبلی میں فاٹا کی نمائندگی کے مطالبات تسلیم ہونے کی باز گشت سنائی دے رہی ہے ، اسفند یار ولی

اے این پی روز اول سے فاٹا کے صوبے میں انضمام کے حق میں تھی اس کیلئے 90ء سے جدوجہد کی جا رہی تھی،حالیہ مظاہرے اور دھرنے نے فاٹا انضمام کی راہ ہموار کر دی ہے ، صدر اے این پی

منگل 10 اکتوبر 2017 19:27

قبائلی مشران کے مذاکرات کے نتیجے میں عدالتی دائرہ اختیار ،صوبائی اسمبلی ..
پبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے قبائلی عوام کی کاوش کو کامیابی سے ہمکنار ہونے پر تمام قبائلی عوام اور پختون قوم کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا ہے کہ قبائلی مشران کے مذاکرات کے نتیجے میں عدالتی دائرہ اختیار اور صوبائی اسمبلی میں فاٹا کی نمائندگی کے مطالبات تسلیم ہونے کی باز گشت سنائی دے رہی ہے اور اگر ایسا ہوا تو یہ بہت بڑی کامیابی ہوگی اور اس سے ایف سی آر کا خاتمہ ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

اپنے ایک تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ اے این پی روز اول سے ہی فاٹا کے صوبے میں انضمام کے حق میں تھی اور اس کیلئے 90ء سے جدوجہد کی جا رہی تھی، انہوں نے کہا کہ حالیہ مظاہرے اور دھرنے نے فاٹا انضمام کی راہ ہموار کر دی ہے اور امید ہے کہ حکومت جلد از جلد باقی تمام مطالبات بھی تسلیم کر کے فاٹا کے صوبے میں انضمام کا اعلان کرے گی،انہوں نے کامیاب مظاہرے اور دھرنے پر تمام پختونوں ،قبائلی عوام اور بالخصوص اے این پی کی مرکزی و صوبائی قیادت سمیت اضلاع کی تنظیموں اور دیگر سیاسی جماعتوں کی نمائندگی پر بھی انہیںخراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ ہم فاٹا انضمام کے مطالبے پر قبائلی عوام کے ساتھ ہیں، اور ہمیشہ ان کی ہر جدوجہد میں ان کا ساتھ دینگے ،اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اے این پی اور قبائلی عوام کا مشترکہ مطالبہ یہی تھا کہ فاٹا کو صوبے میں ضم کر کے اسے عدالتی دائرہ اختیار میں لایا جائے ، ایف سی آر کا خاتمہ کیا جائے ،این ایف سی ایوارڈ میں قبائل کا حصہ دیا جائے اور 2018کے الیکشن میں صوبائی اسمبلی میں فاٹا کو نمائندگی دی جائے ،انہوں نے کہا کہ عدالتی دائرہ اختیار میں آنے کے بعد انگریز کے کالے قانون کا ازخود خاتمہ ہو جائے گا اور بنیادی انسانی حقوق کی قبائلی عوام تک رسائی ممکن ہو سکے گی،انہوں نے ایک بار پھر اور اس اہم قومی ایشو کیلئے جدوجہد کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔