کینیڈا میڈیکل گروپ کی پنجاب میں سرمایہ کاری، لاہور میں جدید کلینک کھولیں گے

نیٹ ورک بڑھاتے ہوئے دائرہ کار پاکستان تک پھیلایا جائے گا، طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے عالمی معیار مدنظر رکھا جائے گا پنجاب کی لیڈرشپ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی‘ جہانزیب برانہ

منگل 10 اکتوبر 2017 18:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2017ء) کینیڈا میں طبی سہولیات فراہم کرنے والے ماہر ڈاکٹروں کی ایک تنظیم پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کی مدد سے جلد لاہور میں عالمی معیار کا کثیر جہتی کلینک کھولے گی۔ اس حوالے سے کینیڈا میڈیکل گروپ کے ایک اعلی سطحی وفد نے گزشتہ روز پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب برانہ سے خصوصی ملاقات میں پنجاب میں عوامی سطح پر عالمی معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کے حوالے سے گفتگو کی۔

کینیڈا میڈیکل گروپ طبی سہولیات کی فراہمی اور اس شعبہ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے کینیڈا میں الگ پہچان رکھتا ہے اور وہاں طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے عالمی معیار کے کلینکوں کی ایک چین چلاتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ گروپ اب اپنا نیٹ ورک بڑھاتے ہوئے اس کا دائرہ کار پاکستان تک پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ ملاقات کے دوران پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے سربراہ جہانزیب برانہ نے کینیڈا میڈیکل گروپ کو بتایا کہ خادم پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی رہنمائی میں صوبہ میں صحت کے شعبہ میں انقلابی اصلاحات کی جا رہی ہیں ۔

جہانزیب برانہ نے بتایا کہ پنجاب کی لیڈرشپ عوام الناس کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی ۔ ہمارا مقصد عوام کو صحت اور طب کی بہترین سہولیات بلاتفریق فراہم کرنا ہے اور اس ترقی کے سفر میں جو بھی ہمارا ساتھ دینے کا متمنی ہے ہم اس کو ہر طرح کی مدد اور سہولت فراہم کریں گے۔ جہانزیب برانہ کا کہنا تھا کہ صحت کا شعبہ صوبائی انتظامیہ کا ایک کلیدی شعبہ ہے جبکہ حکومت اس شعبے میں عالمی معیار کے مطابق اصلاحات کرنا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا میڈیکل گروپ کی پنجاب میں آمد اس شعبے سے متعلق دیگر سرمایہ کاروں کیلئے بھی ایک مثال قائم کریگی جبکہ ساتھ ہی بین الاقوامی سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے موجود مواقع سے بھرپور فائدہ بھی اٹھا سکیں گے۔ جہانزیب برانہ نے عوامی سطح پر گڈ گورننس کے ثمرات پہنچانے کیلئے موٹر سائیکل ایمبولینس، ہسپتالوں کی استعداد کار بڑھانے اور بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے جیسے پنجاب حکومت کے اقدامات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی ۔