قومی اسمبلی ،اپوزیشن لیڈر وزراء کی عدم موجودگی پر ایجنڈا موخر کرنے پر برہم

وفاقی وزراء کی عدم حاضری پر انکو معطل کیا جائے ایجنڈے کو نہیں،یہ ایوان ابھی زندہ ہے وزراء موجود نہیں تو اپوزیشن لیڈر تو موجود ہے،ہو گئے،اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ موجودہ دور حکومت میں جتنی بھی قراردادیں قومی اسمبلی سے منظور ہوئی ہیں ان پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلات ایوان میں پیش کی جائیں،خورشید شاہ کا مطالبہ

منگل 10 اکتوبر 2017 18:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ وزراء کی عدم موجودگی پر ایجنڈا موخر کرنے پر برہم ہو گئے۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ وفاقی وزراء کی عدم حاضری پر انکو معطل کیا جائے ایجنڈے کو نہیں،یہ ایوان ابھی زندہ ہے وزراء موجود نہیں تو اپوزیشن لیڈر تو موجود ہے،خورشید شاہ نے مطالبہ کیا کہ موجودہ دور حکومت میں جتنی بھی قراردادیں قومی اسمبلی سے منظور ہوئی ہیں ان پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلات ایوان میں پیش کی جائیں۔

منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں متعلقہ وفاقی وزراء کی عدم موجودگی پر ایجنڈے پر موجود قراردادوں کو موخر کر دیا گیا اور ارکان کو نکتہ اعتراض پر بات کرنے کی اجازت دی گئی جس پر اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ طریقہ ٹھیک نہیں ،ایوان میں پہلے معمول کا ایجنڈا مکمل کیا جاتا ہے پھر نکتہ اعتراض پر بات کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی وزراء ایوان میں موجود نہیں ہیں تو سپیکر صاحب اسکا نو ٹس لیں،یہ کوئی طریقہ نہیں کہ اگر وفاقی وزراء موجود نہیں تو ایجنڈا ملتوی کر دیا جائے،یہ ایوان ابھی زندہ ہے وزراء موجود نہیں تو اپوزیشن لیڈر تو موجود ہے۔اس موقع پر چیئر پرسن آسیہ ناصر نے کہا کہ وفاقی وزراء موجود نہیں تھے اسلئے ایجنڈا موخر کیا گیا ،اپ سمجھدار ہیں جس پر اپو زیشن لیڈر نے کہا کہ میں کوئی سمجھ دار نہیں ،اگر وفاقی وزراء موجود نہیں تو اپ ان کیخلاف ایکشن لے سکتی ہیں اور ان کو ایوان میں داخلے پر3روز کیلئے پابندی اور انکو معطل کر سکتی ہیں۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ ساڑھے چار سال میں کتنی قراردادیں پیش ہوئیں اور کتنے پر عمل ہوا اس بارے تفصیل دی جائے۔