پاکستان، ملائشیا اور سویڈن کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، ممنون حسین

دونوں قریبی دوست ممالک کیساتھ تجارتی تعلقات کے علاوہ عوامی اورثقافتی تعلقات میں اضافے کے خواہشمند ہیں،صدر مملکت ملائیشیا کیلئے نامزد ہائی کمشنر اور سویڈن کیلئے نامزد سفیر سے گفتگو

منگل 10 اکتوبر 2017 17:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان، ملائشیا اور سویڈن کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں قریبی دوست ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کے علاوہ عوامی اورثقافتی تعلقات میں اضافے کا خواہش مند ہے۔ صدر مملکت نے یہ بات ملائشیا کیلئے نامزد ہائی کمشنر نفیس زکریا اور سویڈن کیلئے نامزد سفیر احمد حسین دایو سے با ت چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے آج ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے ملائشیا کے لیے پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر نفیس زکریا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملائشیا پاکستان کا قریب ترین برادر ملک اور آسیان کا اہم رکن ہے جس کے ساتھ زندگی کے مختلف شعبوں میں تعلقات میں اضافے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان اور ملائشیا کے درمیان تجارتی توازن کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دیں اور مچھلی ، گوشت اور ڈیر ی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے اور ان شعبوں میں پاکستان میں ملائشیا کی سرکاری و نجی سرمایہ کاری کے علاوہ مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر توجہ دیں۔

صدر مملکت نے سویڈن کے لیے نامزد سفیر احمد حسین دایو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں ، خاص طور پر ٹیکنالوجی کے معاملات میں سویڈن سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ انھوں نے سویڈن کے ساتھ بھی تجارتی توازن کو بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :