کراچی ،ْ درجہ حرارت 40 ڈگری تک جا پہنچا ،ہیٹ انڈیکس 45 ڈگری تک اضافہ

گرمی کی نئی لہر کے دوران ہیٹ سٹروک سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے سرکاری اسپتالوں میں انتظامات مکمل کر لئے گئے کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلے علاقوں میں شدید گرمی کی یہ لہر مزید 3 دن جاری رہے گی،ماہرین موسمیات

منگل 10 اکتوبر 2017 17:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2017ء) شہر قائد میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک جا پہنچا ہے لیکن سمندری ہواؤں کی بندش اور ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے کی وجہ سے ہیٹ انڈیکس 45 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے جبکہ گرمی کی نئی لہر کے دوران ہیٹ سٹروک سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے سرکاری اسپتالوں میں انتظامات مکمل کر لئے گئے۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں گزشتہ کئی روز سے شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے، سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے،منگل کو شہر کا درجہ حرارت 40 ڈگری رہا لیکن اس کی شدت 45 ڈگری تک محسوس کی گئی۔

دوسری جانب بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلے علاقوں میں شدید گرمی کی یہ لہر مزید 3 دن جاری رہے گی، جمعے کے بعد موسم بتدریج بہتر ہوگا تاہم اس دوران شہری بلاضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور پانی او ردیگر مشروبات کا زیادہ استعمال کریں۔

ادھر گرمی کی نئی لہر کے دوران ہیٹ سٹروک سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے سرکاری اسپتالوں میں انتظامات مکمل کر لئے گئے۔ کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ کے ایم سی نے 13 مختلف ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک سینٹرز قائم کیے ہیں۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی میں بچے اور بوڑھے خاص طور پر احتیاط کریں۔ بیماریوں میں مبتلا افراد کے ہیٹ سٹروک میں مبتلا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ گرمی ہیٹ سٹروک سے متاثرہ شخص کو ٹھنڈے پانی سے نہلایا جائے اور دھوپ سے محفوظ رکھا جائے۔

متعلقہ عنوان :