سید مصطفی کمال اور انیس قائم خانی نے دیگر پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ سندھ کے اہم دورے شروع کر دیئے

سندھ ہمارا گھر ہے اور اپنے گھر کے مسائل کے حل کے لیے سب کو متحد کرنے نکلے ہیں،چیئرمین پاک سرزمین پارٹی

منگل 10 اکتوبر 2017 16:43

سید مصطفی کمال اور انیس قائم خانی نے دیگر پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ سندھ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2017ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال اورصدر انیس قائم خانی دیگر پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ سندھ کے دورے شروع کردیئے ۔سید مصطفی کمال سمیت پاک سر زمین پارٹی کی قیادت کو سندھ بھر سے مختلف برادریوں ، سیاسی شخصیات اور عوام نے سندھ کے دورے کی دعوت دی تھی جس پر پارٹی قائدین نے سینٹرل ایکزیکٹو کمیٹی، نیشنل کونسل اور پاکستان آرگنائزنگ کمیٹی سے مشاورت کر کے اسے قبول کیا اور سندھ کے تفصیلی دورے کا اعلان کیا تھا۔

سندھ کے دورے کے آغاز کے وقت پاکستان ہائوس میں سید مصطفی کمال نے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہمارا گھر ہے اور اپنے گھر کے مسائل کے حل کے لیے سب کو متحد کرنے نکلے ہیں، یہ دورہ صرف سیاسی طور پر اہم نہیں بلکہ کراچی سے کشمور تک ہمارے جتنے بچے حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے پسماندہ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ان کے لیے امید کی ایک کرن ہے،پاک سر زمین پارٹی سندھ کی مظلوم عوام کی آواز بنے گی جو اپنے مسائل تلے دب کر اپنے لیے آواز نہیں اٹھا سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد کا مقصد سندھ کی عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا اور ان کے بنیادی حقوق عزت ، انصاف اور اختیار کے ساتھ دلوانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے میں وہ سندھ کے مختلف ڈسٹرکٹس میں جائیں گے جن میں پاک سر زمین پارٹی کا سیٹ اپ پہلے سے موجود ہے اور وہاں تنظیمی امور کا جائزہ لیں گے ، اس موقع پر پاک سر زمین پارٹی میں مختلف برادریوں اور سیاسی شخصیات کی جانب سے بڑی تعداد میں شمولیتوں کا اعلان بھی کیا جائیگا۔