قومی اسمبلی اجلاس، ڈپٹی سپیکر کی جرمنی میں لاپتہ پی آئی اے کے جہاز بارے ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

منگل 10 اکتوبر 2017 13:05

قومی اسمبلی اجلاس، ڈپٹی سپیکر کی جرمنی میں لاپتہ پی آئی اے کے جہاز بارے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2017ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ جرمنی میں لاپتہ پی آئی اے کے جہاز کے بارے میں تحقیقات کرکے ایک ماہ میں رپورٹ دی جائے جبکہ وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ پاکستان فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے‘ اس کے خلاف بننے والی فلم کے لئے پاکستانی جہاز کا استعمال ہونا افسوسناک ہے‘ اس کی مکمل تحقیقات ایف آئی اے کر رہا ہے جو بھی ذمہ دار افسران ہوںگے ان کو سزا دی جائے گی۔

منگل کو قومی اسمبلی میں عالیہ کامران اور دیگر کے مالٹا میں بنائی گئی ایک فلم جس میں فلسطینیوں کی جدوجہد کی منفی عکاسی کی گئی ‘ میں استعمال کئے گئے پی آئی اے کے لاپتہ جہاز سے متعلق توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ پی آئی اے کی چار ایئر بسز ایسی تھیں وہ اپنی 27 سالہ مدت پوری کر چکی تھیں یہ پرواز کے قابل نہیں تھیں۔

(جاری ہے)

برطانیہ کی ایک کمپنی نے نومبر2016ء میں پی آئی اے سے یہ جہاز لیا جو 10 دن وہاں رہا۔ ڈھائی کروڑ روپے کرایہ کی مد میں وصول کیا۔ اس وقت کے سی ای او جرمن تھے‘ وہ اس جہاز کو جرمنی لے آئے‘ ایک میوزیم سے بات کی کہ خرید کر اپنے میوزیم میں رکھیں۔ سودا طے پایا تاہم یہ نہیں ہوا اور جہاز بھی واپس نہیں آیا۔ یہ معاملہ سینٹ اور قائمہ کمیٹی کے پاس بھی آیا۔

سینٹ نے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی۔ ایف آئی اے بھی تحقیقات کر رہا ہے۔ اس کی رپورٹ سامنے آئے گی تو معاملہ واضح ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ہم ہائوس میں آکر کبھی جھوٹ نہیں بولتے‘ میں نے بھی کہا ہے کہ جو ہوا غلط ہوا۔ ہم نے سینٹ میں معاملہ آنے پر کہا تھا کہ کمیٹی بنائی جائے۔ ہم نے ذمہ داروں کے تعین کے لئے معاملہ ایف آئی اے کے سپرد کیا ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ افسوس ہے کہ یہ جہاز فلسطین کے خلاف بننے والی فلم میں استعمال ہوا۔ ہم فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ سپیکر چیپٹر سے ایف آئی اے کو ہدایت کی جائے کہ ایک ماہ میں کارروائی مکمل کی جائے۔ شیخ آفتاب نے کہا کہ مشیر ہوائی بازی سے بات کروں گا کہ جلد اس کی تحقیقات کی جائیں۔ ہم کہتے ہیں کہ یہ غلط ہوا۔ سی ای او کی تعیناتی بہتری لانے کے لئے تھی۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے میں ڈائون فال ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی میں بھیجا جائے اور توجہ دلائو نوٹس میں شامل ارکان کو بھی وہاں مدعو کیا جائے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ متعلقہ قائمہ کمیٹی میں یہ معاملہ بھجوایا جائے جو ایک ماہ میں تحقیق کرے۔ جہاز جب فلم کے لئے بھیجا گیا تو اس میں یہ چیز ظاہر کی گئی تھی کہ یہ فلسطین کے بارے میں فلم میں استعمال ہوگا۔ اس کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ سیکرٹری ایوی ایشن اور وزارت داخلہ سے کہا جائے گا کہ ایک ماہ میں اس کی تحقیقات مکمل کی جائیں۔ معاملات کے حل کا فورم یہی ایوان ہے۔