اکتوبر کے زلزلہ کو 12 سال بیت جانے کے باوجود ہمارے دل آج بھی متاثرین کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ڈپٹی کمشنر

منگل 10 اکتوبر 2017 11:48

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر سید فیاض شاہ نے کہا ہے کہ 8 اکتوبر کے زلزلہ کو 12 سال بیت چکے ہیں مگر آج بھی ہمارے دل ان متاثرین کے ساتھ دھڑک رہے ہیں، اس مشکل وقت میں جس طرح پاکستانیوں نے اپنے بھائیوں کی مدد کی اسی طرح آج بھی وہ متاثرین اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجھیں، ہم ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، آج کی ریلی اور دعائیہ تقریب کا مقصد زلزلہ متاثرین زلزلہ سے اظہار یکجہتی ہے۔

وہ گذشتہ روز ریلی کے اختتام پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی سید سیف السلام، اے سی سارہ رحمان، فوڈ کنٹرولر شہواز طارق، اے ڈی لوکل گورنمنٹ عبدالرشید، ٹی ایم او سرفراز خان، تحسین الحق کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران، شہریوں اور میڈیا کے نمائندوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈی سی فیاض شاہ کی قیادت میں 8 اکتوبر کے زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی شیرانوالہ گیٹ سے شروع ہوئی اور صدیق اکبر چوک پر آ کر اختتام پذیر ہوئی، تمام راستہ میں شہریوں کی ایک کثیر تعداد اس میں شامل ہوتی رہی اور ایک بہت بڑا جم غفیر جمع ہو گیا۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ ز اٹھا رکھے تھے جن پر زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے نعرے درج تھے۔

متعلقہ عنوان :