آئندہ پورے ہفتہ گرمی کی شدت برقرار رہے گی ،کاشتکار کپاس کی فصل کی ہلکی آبپاشی جاری رکھیں،زرعی ماہرین

منگل 10 اکتوبر 2017 00:00

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اکتوبر2017ء) زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق آئندہ پورے ہفتہ کے دوران گرمی کی شدت برقرار رہے گی لہٰذا کاشتکار کپاس کی فصل کی ہلکی آبپاشی جاری رکھیں کیونکہ اس مرحلہ پر فصل پر ٹینڈے زیادہ تعداد میں بن رہے ہیں اور ٹینڈوں کی بڑھوتری کا عمل بھی جاری ہے۔ ٹینڈوں کے مناسب سائز کے حصول کیلئے فصل کو پانی کی کمی ہرگز نہ آنے دیں۔

گرمی کی شدت میں اضافہ کی وجہ سے اس مرحلہ پر سفید مکھی اور گلابی سنڈی کے حملہ کے امکانات بڑھنے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین نے کہا کہ گلابی سنڈی کی مانیٹرنگ کیلئے لگائے گئے جنسی پھندوں میں پروانوں کی تعداد میں اضافہ مشاہدہ میں آرہا ہے لہٰذا کاشتکار اس فصل اور آئندہ سال کی فصل کو گلابی سنڈی کے حملہ سے محفوظ رکھنے کیلئے 8دن کے وقفہ سے دو متواتر سپرے کریں اور سفید مکھی کے تدارک کیلئے بھی ایک سپرے ضرور کریں۔

گلابی سنڈی کی وجہ سے پھٹی کی کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے اور اس کی قیمت بھی بہت کم لگتی ہے۔ اس دفعہ صاف ستھری پھٹی پر جننگ فیکٹریوں کے مالکان نے پریمیم دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ بیج کیلئے اگائی گئی فصل پر ڈسکی بگ اور ریڈ کاٹن بگ کا کنٹرول بیج کے اگائو کی صلاحیت کو محفوظ رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :