وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ کے کالعدم تنظیموں سے مبینہ رابطوں سے متعلق رپورٹ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا

ایسی کوئی فہرست وزیراعظم آفس میں نہیں آئی اگر ارکان میری بات پر یقین نہیں رکھتے تو پھرقومی اسمبلی میں رپورٹ کے جعلی ہونے سے متعلق پالیسی بیان دینے کو تیار ہوں ، شاہد خاقان عباسی کی یقین دہانی انٹیلی جنس بیورو کی رپورٹ جعلی نہیں اصلی ہے، وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ کا دعویٰ

پیر 9 اکتوبر 2017 22:44

وزیراعظم  نے ارکان پارلیمنٹ کے کالعدم تنظیموں سے مبینہ رابطوں سے متعلق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 اکتوبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ارکان پارلیمنٹ کے کالعدم تنظیموں سے مبینہ رابطوں سے متعلق رپورٹ کو بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا اوروہ ارکان جن کے نام اس فہرست میں ہیں انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ ایسی کوئی فہرست وزیراعظم آفس میں نہیں آئی اگر ارکان میری بات پر یقین نہیں رکھتے تو پھرقومی اسمبلی میں رپورٹ کے جعلی ہونے سے متعلق پالیسی بیان دینے کو تیار ہوں جبکہ وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹیلی جنس بیورو کی رپورٹ جعلی نہیں اصلی ہے۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی نجف سیال کی جلد صحت یابی سے متعلق دعا کرائی گئی اور وزیراعظم نے ان کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے، اس موقع پرریاض حسین پیرزادہ سمیت کئی ارکان نے انٹیلی جنس بیورو کی اس رپورٹ کا تذکرہ کیا جس میں ارکان پارلیمنٹ پر الزام لگایا گیا کہ وہ کالعدم تنظیموں کے رابطے میں ہیں،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ارکان پارلیمنٹ کو یقین دہانی کرائی کہ انٹیلی جنس بیورو نے کالعدم تنظیموں سے رابطوں سے متعلق ارکان پارلیمنٹ کے بارے کوئی رپورٹ نہیں دی، جو رپورٹ میڈیا میں دیکھائی گئی وہ جعل سازی سے تیار کی گئی اور یہ جھوٹ کا پلندہ ہے، جس پر ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ انٹیلی جنس بیورو کی رپورٹ اصلی ہے اور اس کی ہر حال میں تحقیقات کرائی جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ارکان سے کہا کہ وہ میری بات پر یقین کریں، آئی بی کی رپورٹ جعلی ہے اگر ارکان چاہتے ہیں تو میں اس رپورٹ کے جعلی ہونے سے متعلق قومی اسمبلی کے اجلاس میں پالیسی بیان دینے کو تیار ہوں۔