بابا گرونانک انٹرنیشنل یونیورسٹی وفاقی دارالحکومت میں قائم کی جارہی ہے، ذیلی کیمپس ننکانہ صاحب میں قائم کیا جائے گا‘وزیر مملکت انجینئر بلیغ الرحمان

پیر 9 اکتوبر 2017 22:32

بابا گرونانک انٹرنیشنل یونیورسٹی وفاقی دارالحکومت میں قائم کی جارہی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2017ء) وزیر مملکت برائے قومی تعلیم و تربیت انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ بابا گرونانک انٹرنیشنل یونیورسٹی وفاقی دارالحکومت میں قائم کی جارہی ہے جبکہ اس کا ذیلی کیمپس ننکانہ صاحب میں قائم کیا جائے گا‘ آئندہ سال جون سے قبل اس کا چارٹر منظور ہو جائے گا‘ ننکانہ میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی اراضی پر تنازعہ اور چارٹر کے اجراء کی وجہ سے ننکانہ میں یونیورسٹی قائم کرنے کی بجائے اسلام آباد میں قائم کی جارہی ہے۔

پیر کو قومی اسمبلی میں یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم انجینئر بلیغ الرحمان نے بتایا کہ گرونانک انٹرنیشنل یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ پی ایس ڈی پی میں غیر منظور شدہ منصوبوں میں رکھا گیا تھا اس کے لئے متروکہ وقف املاک بورڈ کی طرف سے آگاہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں اس کے لئے اراضی حاصل کی جاچکی ہے، اس کا کیمپس ننکانہ صاحب میں قائم کرنے پر غور کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پہلے وہاں بنانے کا فیصلہ تھا اور اب اسلام آباد میں بنانے کا فیصلہ بھی متروکہ وقف املاک بورڈ کا ہے۔ انہوں نے ننکانہ میں اراضی حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم وہاں پر قبضہ ہے اور قابضین کی جانب سے بہت مزاحمت کی گئی تھی۔ تعلیم کا شعبہ صوبوں کو جانے کی وجہ سے بورڈ چاہتا ہے کہ اسے اسلام آباد میں بنایا جائے۔ زہرہ ودود فاطمی کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ رواں سال جون 2018ء سے پہلے اس کا چارٹر ہو جائے گا۔

ننکانہ میں اگر اس منصوبے کو شروع کیا جاتا تو یہاں پر مذہبی منافرت پیدا ہونے کا بھی امکان تھا۔ صبیحہ نذیر کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ فیڈرل چارٹر کا بھی ایک معاملہ تھا۔ یونیورسٹی کے لئے اراضی اس کے نام ہونی چاہیے وہاں پر بورڈ نے اراضی شائد آگے دی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبوں میں بننے والی یونیورسٹی کے حوالے سے وزارت قانون کی رائے ہے کہ صوبے سے ہی اس کا چارٹر ہونا چاہیے۔