پی ٹی آئی کراچی کے وفد نے ڈی آئی جی ایسٹ سلطان علی خواجہ سے ملاقات

شہر میں بیشتر مانیٹرنگ کیمرے خراب ہوچکے ،جو کیمرے چل رہے ہیں ان سے ملزمان کو شناخت نہیں کیا جاسکتا، فردوس نقوی پی ٹی آئی نے سندھ اسمبلی میں پولیس بل پیش کیا ہوا ہے جسے پیپلز پارٹی کی حکومت منظور نہیں کررہی، خرم شیر زمان

پیر 9 اکتوبر 2017 22:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی کی سربراہی میں پی ٹی آئی کراچی کے وفد نے ڈی آئی جی ایسٹ سلطان علی خواجہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ وفد میں پی ٹی آئی رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، ضلع شرقی کے صدر بلال غفار، زونل انچارجز سیف الرحمان،ارسلان گھمن اور دیگر موجود تھے۔

پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے ڈی آئی جی ایسٹ کو عوامی شکایات، شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز اور خصوصاً گلستان جوہر میںتیز دھار آلے سے ہونے والے خواتین پر حملوں سے آگاہ کیا ۔ ابھی تک درجن سے زائد حملوں کے واقعات درج ہوچکے ہیں لیکن ملزم کا گرفتار نہ ہونا پولیس انتظامیہ سمیت سیکورٹی اداروں کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

شہر میں لگائے گئے بیشتر مانیٹرنگ کیمرے خراب ہوچکے ہیں اور جو کیمرے چل رہے ہیں ان کی ویڈیو کوالٹی بہت خراب ہے جس کی وجہ سے ملزمان کو شناخت نہیں کیا جاسکتا۔ حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرے اور انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔ اس موقع پر رکن سند ھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں پولیس سسٹم میں بہتری کے لئے پولیس بل پیش کیا ہوا ہے جسے پیپلز پارٹی کی حکومت منظور نہیں کررہی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت شہر کراچی میں امن کی خواہاں نہیں ہے۔

شہر میں امن و امان کے لیئے ضروری ہے کہ حکومت سندھ پولیس کو جدید اسلحہ اور آلات سے لیس اور سیاسی اثر ورسوخ سے آزاد کریں۔