پیپلز پارٹی کا گرمی کی شدت میں اضافہ کے سبب کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی پر شدید غم وغصہ کااظہار

پیر 9 اکتوبر 2017 22:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند، لالہ رحیم اور وقاص شوکت نے گرمی کی شدت میں اضافہ کے سبب کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی پر شدید غم وغصہ کااظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کبھی اپنے دعوئوں کی لاج نہیں رکھ پاتی ، گرمی کی شدت میں ابھی اضافہ ہونا باقی ہے لیکن کے الیکٹرک کراچی کے مکینوں پر عذاب طاری کرنے میںہر اول دستہ کا کردار ادا کررہی ہے انہوں نے کہا کہ شہر قائد میں گرمی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ کے الیکٹرک کا جدید اور بہتر نظام ٹرپ ہونے کے ساتھ ساتھ 70سے زائد فیڈرٹرپ کر چکا ہے اور کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے خلاف محتسب اعلیٰ کے پاس 8ہزار سے زائد عوامی شکایات کا انبار لگا ہوا ہے جو کے الیکٹرک کی کرپشن اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اس دعوئوں اور کے الیکٹرک کی لوٹ مارنے عوام کو مزید اذیت سے دوچار کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہیٹ ویوز کے سبب اگر لوگ اپنے گھروں میں محصور ہونے کی کوشش کرتے ہیں تو کے الیکٹرک انہیں گھروں سے باہر کرنے کے مشن میں گامزن ہیں ۔ کے الیکٹرک کی ناقص حکمت عملی سے انسانی جانوں کے ضیاع ہونے کا بھی خطرہ ہے ۔ انہوں نے کے الیکٹرک کے خلاف ہائی کورٹ میں درج پٹیشن پر جلد سماعت اور فیصلے کی بھی اپیل کی۔