کراچی میں تاوان کیلیے اغوا شہری تھانے سے بازیاب، 4 اہلکار گرفتار

پیر 9 اکتوبر 2017 20:48

کراچی میں تاوان کیلیے اغوا شہری تھانے سے بازیاب، 4 اہلکار گرفتار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 اکتوبر2017ء) جوڈیشل مجسٹریٹ نے فیروز آباد تھانے پر چھاپہ مار کر تاوان کے لیے اٹھائے گئے ایک شہری کو بازیاب کرالیا جب کہ واقعے میں ملوث 4 اہلکاروں کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا ہے،کراچی میں پولیس گردی عروج پر ہے اور قانون کے محافظ ہی عوام کو اغوا کرکے تاوان وصول کرنے میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

سیشن جج کے حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی شرقی نے کسی قانونی کارروائی کے بغیر حراست میں لیے گئے ایک شخص کو فیروز آباد پولیس اسٹیشن کے باورچی خانے سے بازیاب کرالیا،مغوی اسد کے اہل خانہ کے مطابق 4 اکتوبر کو کراچی کے علاقے ڈیفنس ویو فیز ون میں پولیس نے اسد کو گھر سے اٹھایا لیکن نہ تو پولیس نے کوئی مقدمہ درج کیا اور نہ ہی گرفتاری ظاہر کی۔

اغوا کاروں نے اسد کو چھوڑنے کے لیے 20 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا اور اس کے لیے 3 بار فون کیا لیکن جگہ کا تعین نہیں کیا تاہم پھر مغوی کی بیوی کو تاوان کی رقم لے کر فیروز آباد پولیس اسٹیشن پہنچنے کے لیے کہا گیا،اسد کے گھر والوں نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے تھانے پر چھاپا مار کر اسد کو بازیاب کرالیا، مجسٹریٹ کے حکم پر 4 اہلکاروں کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا جب کہ 4 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :