ممتاز حسین سہتو کی قیادت میں خیر پور میں سیپکو مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

سیپکو افسر شاہی کا کردار پانامہ لیکس کے چوروں سے کم نہیں ہے، اعلیٰ عدالتیں مظلوم عوام کی داد رسی کیلئے ازخود نوٹس لیں،رہنما جماعت اسلامی

پیر 9 اکتوبر 2017 19:28

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 اکتوبر2017ء) جماعت اسلامی کے تحت ڈڈیکشن، جھوٹے بلوں اور سیپکوکے دیگر مظالم کے خلاف صوبائی جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو ایڈوکیٹ کی قیادت میں جامعہ مسجد بیت المکرم سے پنج ہٹی چوک خیر پور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں شرکاء نے سیپکو مظالم کے خلاف سخت نعرے بازی اور عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا۔

جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع خیر پو ر میں چھوٹے تاجروں غریب و مزدور لوگ سیپکو کے مظالم سے تنگ آچکے ہیں، ایک طرف غیر قانونی طور پر سیپکو ملازمین بھتہ لیکر بجلی فروخت کرتے ہیں تو دوسری جانب جہاں میٹر موجود اور باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے شہریوں کو ڈڈیکشن جھوٹے بلوں کے ذریعے انہیں بھی بجلی چوری کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ دنوں سٹھارجہ پریس کلب پر احتجاج کے دوران عوام ایسے جھوٹے بلوں کو جلا چکے ہیں۔ عوام پریشان ہیں ان کی داد و فریاد سننے والا بھی کوئی نہیں ہے۔ سیپکو اپنی کارکردگی بہتر ملازمین میں سے کالی بھیڑوں کا خاتمہ، عوام کو تنگ کرنے کی روش چھوڑ دیں۔ صوبائی رہنما نے کہا کہ سیپکو افسر شاہی کا کردار پانامہ لیکس کے چوروں سے کم نہیں ہے اسلئے ہم اعلیٰ عدالتوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ظلم کے مارے عوام کی فریاد سنتے ہوئے از خود نوٹس لیں۔ مظاہرے سے ضلعی امیرا متیاز حسین اوردر محمد خاصخیلی، رحیم بخش جونیجو ، مولانا عزیز الرحمن شر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔