تارکین وطن ہمارا سرمایہ ،مقبوضہ کشمیر کے عوام کے سفیر بن کر ہندوستانی افواج کے ظالمانہ اقدامات کو دنیا بھر میں بے نقاب کریں،راجہ فاروق حیدر

مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے والوں پر بھارت کی جانب سے ظلم و ستم کیا جارہا ہے،۔ دنیا بھارت پر دباو ڈالے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں،فرانس میں تقریب سے خطاب

پیر 9 اکتوبر 2017 19:08

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2017ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ تارکین وطن ہمارا سرمایہ ،مقبوضہ کشمیر کے عوام کے سفیر بن کر ہندوستانی افواج کے ظالمانہ اقدامات کو دنیا بھر میں بے نقاب کریں، کشمیر کا مسئلہ حل طلب ہے اور اس کے پر امن حل کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کروایا جانے چاہیئے۔

حق خود ارادیت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کا حق ہے اور انہیں یہ جمہوری اور بنیادی حق ملنا چاہیئے۔ مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے والوں پر بھارت کی جانب سے ظلم و ستم کیا جارہا ہے۔ دنیا بھارت پر دباو ڈالے کے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں۔ انہوں نے کہا پاکستان نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کا اخلاقی، سیاسی ، سفارتی سطح پر ساتھ دیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کے عوام ہوں یا حکمران مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ ان کی ہمدردی بے مثال ہے اور یہی وجہ ہے کہ کشمیری پاکستان سے بے حد محبت کرتے ہیں اور تکمیل پاکستان کو ہی اپنی منزل سمجھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن آزادکشمیر فرانس کے صدر راجہ اشفاق کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے کیا ۔اس موقع پر سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ،ممبر اوورسیز راجہ جاوید اقبال ،ن لیگ برطانیہ کے صدر زبیر اقبال کیانی ،راجہ امتیاز ،راجہ شفیق و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز فیسلیٹیشن سیل جلد فعال ہو گا آزادحکومت نے ایک سال میں مشکلات کے باوجود کارکنوں کی قربانیوں اور جذبہ استقامت کے باعث دیر پا اور پائیدار اقدامات شروع کیئے ہیں مسلم لیگ ن کی حکومت باقی چار سالوں میں ریاست کومعاشی ترقی کی راہ پر ڈالے گی تارکین وطن کو ایسا ماحول دیں گے کہ وہ آزادکشمیر میں بلاخوف و خطر سرمایہ کاری کریں اب کوئی ان کی جائیدادوں پر قبضے نہیں کر سکے گا سرمایہ کاری بورڈ کے لیئے قانون سازی آخری مراحل میں ہے انہوں نے کہا کہ یورپ دنیا میں انسانی حقوق کیلئے اہم کردار کر رہا ہے اور ہم امید کرتے ہیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی یورپ اپنا اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اقتدار میں رہتے ہوئے عوام کی بہتری اور خوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، سرکاری ملازمین کی بھرتی کے لئے اب سفارش نہیں چلتی بلکہ صرف میرٹ چلتا ہے۔ ان کی حکومت نے ایسے کئی اقدامات کیے ہیں جس سے آزاد کشمیر کے عوام کی زندگیوں میں بہتری اور خوشحالی آئے گی۔سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ ن اس وقت برطانیہ اور یورپ میں بڑی منظم قوت ہے دیار غیر میں بسنے والے لوگ ہمارا سرمایہ ہیں ہم ان کی اپنے ملک کے لیئے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں حکومت تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اپنی تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیئے پرعزم ہے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں قائم حکومت نے آزادکشمیر کے اندر قانون کی حکمرانی ،میرٹ کی بحالی کے لیئے سخت مگر عوام دوست فیصلے کیئے جس کے ثمرات آنے والی نسلیں سمیٹیں گی پبلک سروس کمیشن کی میرٹ پر تشکیل کی گئی جس سے اہلیت و صلاحیت کی بنیاد پر لوگ آگے آئیںگے قوم کے مستقبل کو سنوارنے اور معیار تعلیم بلند کرنے کے لیئے پرائمری سطح سے لے کر جونیئر ٹیچر تک تقرریاں بذریعہ این ٹی ایس کی گئیں اب اس کا دائرہ کار دیگر محکمہ جات تک بھی بڑھانے پر غور کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے یورپ کے دورے پر ہیں۔ برطانیہ سے ہفتے کے روز وہ فرانس کے دارالحکومت پیرس پہنچے جہاں دو دن متعدد تقریبات میں شرکت کے بعد سوموار کے روز یورپی دارالحکومت برسلز روانہ ہو گئے۔ ہفتے کی شام پیرس کے نواحی علاقے گوزاں ویل میں ن لیگ آزاد کشمیر فرانس کے صدر راجہ اشفاق کے عشائیہ میں شریک ہوئے۔

اتوار کے روز مرزا آصف جرال کی جانب سے ناشتے کی تقریب اور اتوار کی شام راجہ مظہر ذمہ واریا کے عشائیہ کے علاوہ انہوں نے پیرس کے نواحی علاقے پیریفت میں ن لیگ آزاد کشمیر یورپ کے جنرل سیکرٹری چوہدری نعیم اور ن لیگ آزاد کشمیر فرانس کے صدر راجہ اشفاق کی میزبانی میں ایک بڑے عوامی اجتماع میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فرانس دورے کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق، قانون ساز اسمبلی کے رکن راجہ جاوید ، ن لیگ آزاد کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ زبیر اقبال کیانی، چیئرمین ن لیگ اوورسیز راجہ شفیق، راجہ امتیاز و دیگر موجود تھے۔

وزیر اعظم آئندہ چند روز یورپی دارالحکومت برسلز میں یورپی یونین کے مختلف ذمہ داروں اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے اہم لوگوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔